04/09/2023
مذاکرہ برائے ۔"میرے دست و بازو " مضامین کا مجموعہ
بروز سنیچر مورخہ 2 ستمبر 2023 بوقت بعد نماز مغرب بمقام شیب پور کمبائنڈ کلب، 28 کاویز گھاٹ روڈ، شیب پور، ھوڑہ، زیر اہتمام بزم غواص، ھوڑہ ایک محفل مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت جناب اشفاق حسین خان نے کی اور نقابت کے فرائض معروف شاعر و ادیب اور استاد جناب جاوید مجیدی نے بحسن و خوبی انجام دیا۔ نقیب محفل جناب جاوید مجیدی نے معزز مقررین و شرکاء کا اجمالی تعارف بڑے ھی دلکش انداز میں پیش کیا۔ دراصل یہ شاندار محفلِ مذاکرہ کا انعقاد معروف شاعر و افسانہ نگار اور پی۔ ایم۔ بستی، شیب پور، ھوڑہ میں واقع ھوڑہ یو۔ پی۔ اسکول کے ھیڈ ٹیچر جناب شبیر ذوالمنان کی تصنیف کردہ کتاب "میرے دست و بازو" کی دوسری جلد کی اشاعت پر ھوا تھا۔ واضح ھو کہ میرے دست و بازو کی دوسری جلد کی رونمائی 13 اگست 2023 کو ھوڑہ ھائی اسکول میں ھوئی تھی۔ "میرے دست و بازو" میں مصنف نے سماجی، سیاسی، ادبی، تعلیمی، مذہبی کاموں میں خود کو وقف کرنے والوں کا مختصر سوانحی خاکہ و ان کی نمایاں کارکردگی کو بہت ھی دلکش انداز میں قلمبند کیا ھے جو آئندہ نسلوں کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ھوگا۔ اس کتاب کی خاص نوعیت یہ ھے کہ صاحب کتاب نے ہر شخص کی ذاتی زندگی و کارناموں کو اجاگر کرنے سے پہلے تمہیدی جملوں کو اس خوبصورتی کے ساتھ قلمبند کیا ھے ان کلمات کو پڑھتے پڑھتے قاری کے اندر ایک عجیب سا تجسس پیدا کر دیتا ھے اور قاری کو مکمل پڑھنے پر مجبور کردیتا ھے۔ ہر شخص پر لکھے گئے تمہیدی کلمات ایک دوسرے سے مختلف ھیں۔ جملہ مقررین نے صاحب کتاب کی اس بے مثل کاوش کو کافی سراہا اور انہیں مبارکباد بھی دی۔ اس کتاب کے ذریعہ صاحب کتاب نے ھمارے محسنین کی خدمات کو اجاگر کیا ھے۔ اس کتاب میں ان شخصیات پر بھی قلم اٹھایا گیا ھے جو چپکے چپکے عوام الناس کی فلاح کے لئے کوشاں ھیں۔ صاحب کتاب نے انہیں اس لئے اجاگر کیا ھے کہ دوسرے بھی اس سے سبق لیں۔ اس کتاب میں مقتدر شخصیات کا مختصر سوانحی خاکہ اور ان کی خدمات درج ھیں جو انہوں نے صاحب کتاب کو بہم پہنچائی ھیں۔
مقررین میں صدر محفل اور نقیب محفل کے علاوہ جناب جاوید احمد (ریٹائرڈ ٹیچر، ھوڑہ ھائی اسکول)، جناب احتشام الرحمن شبیہ ( ھیڈ ٹیچر شیب پور بستی فری پرائمری اسکول)، جناب ضیاء الدین انصاری (ریٹائرڈ ٹیچرز انچارج، ترقی اردو ھائی اسکول)، جناب ذکی ممتاز، بزرگ سماجی خدمت گار جناب ولی اللہ انصاری، جناب محمد شجاع الدین (سکریٹری، شیب پور کمبائنڈ کلب) اور راقم الحروف نے اپنے اپنے خیالات سے سامعین کو محظوظ کیا۔
رپورٹ ۔۔۔خوشتر عزیز