09/01/2025
تحصیل پھول پور کے موضع نوادہ میں گاؤں کی علمی و ادبی انجمن الإصباح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ"مسابقہ برائے چالیس روزہ نماز باجماعت" کی تقسیمِ انعامات کی تقریب قاری اعجاز احمد اصلاحی کی صدارت میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی؛ جس میں بالترتیب محمد صارم، محمد اذہان اور محمد نبیل نے چالیس روز تک تکبیر اولیٰ کے ساتھ ادا کر کے اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی؛ جن کو عبید اللہ خان، محمد صادق خان اور دیگر اصحابِ خیر کے تعاون سے سائیکل بطورِ انعام دی گئیں۔ محمد عابد کو بھی خصوصی انعام سے نوازا گیا۔ نیز تمام شرکاء کو تشجیعی انعام دیا گیا۔
پروگرام میں مقررِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد صادق اصلاحی ندوی نے شرکت کی۔
مولانا نے نماز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نماز اسلام کا اٹوٹ حصہ ہے جس کے بغیر مکمل اسلام کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا۔ لہذا ہمیں اپنے نونہالوں کے دلوں میں اس کی اہمیت و فضیلت کو اجاگر کرنے کی سخت ضرورت ہے۔
انہوں نے ملک کی موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں یہ بات واضح کرنے کی کوشش کی کہ آج ہم سے ایک ایسے اسلام کی امید کی جا رہی ہے جس میں ہم اپنے اسلامی عقائد ونظریات کو ماننے کے ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کی نہ صرف یہ کہ قدر کریں بلکہ ان کے شرکیہ رسومات میں بڑھ چڑھ کر ہاتھ بھی بٹائیں۔ یعنی باغباں بھی خوش رہے اور صیاد بھی ناراض نہ ہو۔
انہوں نے کہا آج ہمیں پہلے سے بہت زیادہ اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اسلامی عقائد ونظریات کے ساتھ ساتھ اسلامی شناخت، تہذیب وثقافت اور آداب و اخلاق سے بھی نہ صرف یہ کہ واقف کرائیں بلکہ مکمل طور سے ان پر کاربند رہنے کی بھی تلقین کریں۔
قاری اعجاز احمد اصلاحی نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ اولاد اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہیں، ہمیں اس نعمت کی قدردانی کرنی چاہیے۔
تربیت کے حوالے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی تربیت ایک ایسے پر امن ماحول میں ہونی چاہئے جہاں تشدد کا دور دور تک سایہ بھی نہ ہو۔ ان کے ساتھ نرم لہجے میں بات کی جانی چاہیے، اور زوجین کے باہمی اختلافات اور بدمزگیوں سے ان کو دور رکھا جائے نیز بری صحبت سے ان کو پوری طرح سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی جائے؛ کیوں کہ ابتداء میں بچے اپنے والدین اور اپنے گھریلو ماحول ہی سے سب کچھ سیکھتے ہیں۔
مولانا محمد عاطف ندوی نے پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی و تربیتی پروگرام طلبہ کے ساتھ ساتھ طالبات کے درمیان بھی منعقد ہوتے رہنے چاہئیں جس سے ان کی خوابیدہ صلاحیتیں پروان چڑھیں۔
پروگرام کی نظامت محمد سعد اصلاحی نے کی اور کنوینر کے فرائض محمد جابر اصلاحی نے ادا کئے۔
اس موقعے پر گاؤں کی معزز شخصیات مولانا شفیق الرحمن اصلاحی، مولانا عظیم الرحمٰن قاسمی،یو این اے نیوز کے ایڈیٹر محمد ریحان اعظمی، حافظ محمد احتشام، حافظ سمیع اللہ، حافظ عبد الخالق، عبید اللہ خان (پردھان)، سٹی میڈیکل اسٹور کے محمد اشہد خان، عرفان احمد کے علاوہ دوسرے لوگ بھی موجود رہے۔
بچوں کی حوصلہ افزائی میں تعاون کرنے والوں میں مذکورہ شخصیات کے علاوہ محمد جسیم خان، محمد نفیس خان، محمد فضیل، محمد فہد اصلاحی وغیرہ کا نام خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہے۔