22/07/2026
🛡️ ایک سال خدمت، ایک عزم نو، ایک ہی مشن — منشیات سے پاک پنجاب
ماشاءاللہ، آج پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (CNF) ملتان ڈویژن کے قیام کو ایک سال مکمل ہو گیا۔ یہ ایک سال صرف مدتِ ملازمت نہیں بلکہ فرض شناسی، دیانت، قربانی اور عوامی خدمت کی روشن مثال ہے۔
اس دوران فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات ضبط کیں اور بے شمار خاندانوں، خصوصاً نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔
منشیات صرف ایک فرد کو نہیں بلکہ پورے معاشرے کو تباہ کر دیتی ہیں۔ اس لعنت کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ ہر شہری کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف آواز بلند کرے، مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دے اور اپنے اردگرد کے نوجوانوں کی مثبت رہنمائی کرے۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے تمام افسران اور جوانوں کو ان کی ایک سالہ خدمات پر دلی مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں مزید ہمت، استقامت اور کامیابیاں عطا فرمائے تاکہ وہ اسی جذبے کے ساتھ اپنے وطن اور آنے والی نسلوں کو منشیات سے محفوظ بنانے کے مشن کو جاری رکھ سکیں۔
🇵🇰 ایک سال خدمت • ایک عزم نو • ایک ہی مشن — منشیات سے پاک پنجاب
10/07/2026
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی بڑی کارروائی، 22 ملین روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد، 2 اسمگلر گرفتار
لاہور میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تحصیل واہگہ کے علاقے ڈھیال میں سرگرم ایک منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران دو مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے 22 ملین روپے سے زائد مالیت کی 29 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات میں 19 کلو گرام افیون اور 10 کلو گرام ہیروئن شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منشیات مختلف علاقوں میں سپلائی کیے جانے کا خدشہ تھا، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے مکمل ڈرون سسٹم، ایک پمپ ایکشن گن، ایک ایس ایم جی، دو پستول، متعدد میگزین اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی برآمد کی گئیں، جنہیں قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پنجاب میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنایا جا سکے۔