09/07/2024
حضرت سلطان محمد اصغرعلی ؒ (مختصر تعارف)
مصنف: ایس ایچ قادری
اگست 2016
حصہ پنجم
ابتدائی حالات و روحانی تربیت:
شہبازِ عارفاں حضرت سلطان محمد عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے چار فرزند ارجمند تھے- آپ نے بحیثیت والد و بحیثیت مرشد کامل چاروں فرزندان کو باطنی تعلیم و تلقین فرمائی اور رموزِ معرفت سے آشنا کیا لیکن سلطان محمد اصغر علی (رح) صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے آپ کو قدرتی لگاٶ تھا اس لئے آپ نے سلطان الفقر ششم کو اپنے قربِ خاص میں رکھا البتہ آپ سکول میں بھی داخل رہے لیکن سلطان محمد عبد العزیز رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے ’’چن اصغر‘‘ کو نگاہِ کاملہ سے علومِ باطنی سے مالا مال فرما دیا اور 1979ء میں شہبازِ عارفاں حضرت سلطان محمد عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے مرشد پاک شہباز عارفاں حضرت سلطان سیّد محمد بہادر علی شاہ صاحب کی مزار اقدس پر سلطان الفقر ششم کو بیعت فرما کر خلافتِ الٰہیہ عطا فرمائی-
بیعت ہونے سے قبل اور بیعت ہونے کے بعد بھی سلطان الفقر ششم نے اپنے مرشد کریم کی ہر قسم کی خدمت کا کام سر انجام دیا حتیٰ کہ شہباز عارفاں سلطان محمد عبد العزیز رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے ایک درویش کی ڈیوٹی لگائی تھی وہ صبح چا ر بجے تہجد نماز پڑھنے کے بعد چائے بنا کر خدمت عالیہ میں پیش کرتا- کچھ دن صحیح وقت پر چائے پیش نہ کر سکا توحضرت سلطان محمد اصغر علی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے عرض کرکے چائے پکانے کی ڈیوٹی اپنے ذمہ لے لی اور مسلسل ۲۱ سال یہ ڈیوٹی ادا کی- 13 اپریل 1981 کو شہبازِ عارفاں حضرت سلطان محمد عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنے مالکِ حقیقی سے جا ملے-
(جاری ہے)