14/06/2022
موبائیل فون کو سرہانے رکھ کر سونے سے دماغ پر کوئی اثر نہیں پڑتا- لیکن احتیاط کا تقاضہ یہ ہے کہ سیل فون کو تکیے کے نیچے یا تکیے کے ساتھ رکھنے سے گریز کیا جائے- آپ نے شاید نوٹ کیا ہو گا کہ بعض اوقات سیل فون بنا کسی ظاہری وجہ کے بہت گرم ہو جاتا ہے لیکن اسے ری بوٹ کریں تو پھر نارمل ہو جاتا ہے- اس کی ایک ممکن وجہ یہ ہوتی ہے کہ بعض اوقات سیل فون کا پراسیسر جس سافٹ ویئر کو پراسیس کر رہا ہے اس میں کسی نقص کی وجہ سے اچانک سیل فون فل پاور پر چلنے لگتا ہے اور دھڑادھڑ انسٹرکشنز execute کرنے لگتا ہے- اس وجہ سے سیل فون کی power consumption میں اضافہ ہو جاتا ہے اور بیٹری سے بہت زیادہ کرنٹ فلو کرنے لگتا ہے- یہ اضافی پاور حرارت کی صورت میں خارج ہوتی ہے- سیل فون کی باڈی ایسے ڈیزائن کی جاتی ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ حرارت خارج کرتا رہے تاکہ اس کا درجہ حرارت زیادہ نہ بڑھ پائے- لیکن اگر سیل فون تکیے کے نیچے ہو تو تکیہ حرارت کو خارج ہونے سے روکتا ہے- اس لیے سیل فون بہت زیادہ گرم ہو سکتا ہے جس سے تکیے کو آگ لگ سکتی ہے- خاص طور پر اگر سیل فون کے ساتھ چارجر بھی لگا ہے تو چارجنگ کی وجہ سے بھی بیٹری گرم ہو رہی ہے اور پراسیس کے لوڈ کی وجہ سے بھی سیل فون گرم ہو رہا ہے- ایسی صورت میں بیٹری کے پھٹنے کا امکان بھی ہو سکتا ہے- اگرچہ عملی طور پر اس قسم کے حادثے کا امکان بہت ہی کم ہے لیکن صفر نہیں ہے