24/04/2026
صوبائی کابینہ کی حلف برداری
ملگری استاذان خیبرپختونخوا۔
آج باچا خان مرکز میں ملگری استاذان کی صوبائی کابینہ کی حلف برداری کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب میں ضلع صوابی سے ملگری استاذان کی ضلعی کابینہ، چاروں تحصیلوں کے اراکین اور دیگر ممبران نے صدر فضل بہادر یوسفزئی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سید بخت شاہ کی قیادت میں بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میاں افتخار حسین (صوبائی صدر اے این پی)، سردار حسین بابک (صوبائی جنرل سیکرٹری)، مرکزی جنرل سیکریٹری سلیم خان، صلاح الدین مہمند، شگفتہ ملک اور ایم پی اے خدیجہ بی بی سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین تھے۔ علاوہ ازیں، ضلع صوابی سے ایاز شعیب، غلام حقانی اور ڈاکٹر وقاص کے ساتھ ساتھ صوبے بھر سے ملگری استاذان کے نمائندگان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران ریٹائرڈ صوبائی عہدیداران، جن میں سابق صوبائی صدر امجد علی ترکئی، صوبائی الیکشن کمشنر نوشاد خان، سابق صوبائی جنرل سیکریٹری وارث خان خلیل اور گوہر خان شامل تھے، کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور انہیں اعزازی شیلڈز دے کر رخصت کیا گیا۔ اس کے بعد نئی منتخب صوبائی کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
صوبائی اور مرکزی قائدین نے اپنے خطاب میں اساتذہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے سکولوں کی مجوزہ نجکاری اور پنشن میں کٹوتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ان فیصلوں کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر ضلع صوابی کے لیے یہ اعزاز کی بات رہی کہ جناب محمد طارق خان کو صوبائی نائب صدر اور راویل محمد کو صوبائی معاون خصوصی کی اہم ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ ضلع صوابی کے تمام ملگری استاذان کی جانب سے نومنتخب کابینہ کو دلی مبارکباد پیش کی جاتی ہے اور امید ظاہر کی جاتی ہے کہ نئی قیادت اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔
تقریب کے آخر میں حالیہ ممبر شپ مہم میں صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ضلع صوابی کے صدر فضل بہادر یوسفزئی کو خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین!
منجانب:
صدر فضل بہادر یوسفزئی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سید بخت شاہ
میڈیا کوآرڈینیٹر جہانگیر خان یوسفزئی و کابینہ
اور چاروں تحصیلوں کے عہدیداران ملگری استاذان، ضلع صوابی