24/04/2026
ہائیر سیکنڈری سکول طولتی میں شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد
کھرمنگ: ہائیر سیکنڈری سکول طولتی میں سیکنڈ ائیر کے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کھرمنگ کے مشہور سیاحتی مقام منٹھوکہ آبشار پر آؤٹ ڈور سیاحتی مطالعہ کے ساتھ کیا گیا۔ اس یادگار تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ڈی ڈی او اختر حسین نے شرکت کی، جبکہ فیکلٹی ممبران اور کالج کے طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب کے تمام انتظامات فرسٹ ائیر کے طلبہ و طالبات نے نہایت احسن طریقے سے سرانجام دیے، جن میں طعام اور دیگر انتظامی امور شامل تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز فرسٹ ائیر کی طالبات کے "ہمنوا گروپ" کی جانب سے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔
تقریب کے دوران طالبات نے اجتماعی طور پر نعت رسولِ مقبول ﷺ، ملی نغمات اور دیگر خوبصورت پروگرام پیش کیے۔ اس موقع پر فرسٹ ائیر اور سیکنڈ ائیر کے طلبہ و طالبات نے اپنے اپنے کلاسز کی نمائندگی کرتے ہوئے الوداعی تاثرات کا اظہار کیا، جس سے ماحول جذباتی اور یادگار بن گیا۔
مہمانِ خصوصی اختر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فارغ التحصیل طلبہ و طالبات نے دو سالہ تعلیمی عرصے میں ادارے کے نظم و ضبط، اصولوں اور مثبت رویوں کو فروغ دیا اور تدریسی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔
تقریب کے اختتام پر دعائیہ کلمات کے ساتھ سیشن اپنے اختتام کو پہنچا۔ یہ الوداعی پروگرام نہ صرف طلبہ کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوا بلکہ اس نے تعلیمی اور سماجی روابط کو بھی مزید مضبوط کیا۔