15/08/2014
سیالکوٹ13 اگست( ) تقریبات آزادی کے سلسلہ میں محکمہ تعلیم سیالکوٹ کے زیر اہتمام شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال ؒ کی مادر علمی سکاچ مشن سکول( گورنمنٹ کرسچن ہائی سکول گندم منڈی) سیالکوٹ میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ضلعی صدر سینئراسٹاف ایسوسی ایشن سیالکوٹ نثار احمد میو،پرنسپل گورنمنٹ کرسچن ہائر سیکنڈری سکول سیالکوٹ کینٹ محمد رئیس میر، ضلعی صدر ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن سیالکوٹ پروفیسر محمود ارشد ، تحصیل صدر ہیڈ ماسٹر ز ایسوسی ایشن سیالکوٹ محمد اکرم میر، سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹلی بہرام سید مزمل حسین جیلانی،پرنسپل گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول کوٹلی لوہاراں سید منور حسین شاہ، ڈی ڈی او ایلیمنٹری ایجوکیشن سیالکوٹ عظیم چیمہ اورصوبائی سیکریٹری اطلاعات انجمن اساتذہ عاشق حسین صدیقی سمیت ضلع بھر کے اساتذہ نے بھرپور شرکت کی ۔
ضلعی صدر سینئراسٹاف ایسوسی ایشن سیالکوٹ نثار احمد مؤنے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں غلامی کی زندگی بسر کرنے والے مسلمانوں کیلئے الگ آزاد مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان کا خواب دیکھنے والے اقبال ؒ کو ان کے استاد شمس العلماء مولوی میر حسن نے علم کے زیور سے اس طرح آراستہ کیا کہ انہیں آج حکیم الامت ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں سب سے اہم اور کلیدی کردار استاد کا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک کو میر حسن جیسے اساتذہ کی ضرورت ہے جو طالب علموں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھار کر ان کو اوج ثریا پر فائز کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقبال ؒ کی تعلیمات اور پیغام کو سمجھ کر عمل کیا جاتا تو آج ہمارا ملک اسلام کا حقیقی قلعہ بن چکا ہوتا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کیلئے ہم سب کو اپنے ذاتی مفادات کو بالا طاق رکھتے ہوئے صرف ملک و ملت کے مفاد کی پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض منصبی پوری دیانت داری سے انجام دینے ہونگے۔
ضلعی صدر ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن سیالکوٹ پروفیسر محمود ارشدنے کہا کہ بقول اقبالؒ افراد کے ہاتھوں میں اقوام کی تقدیرکا مطلب قوموں کے عروج و زوال کی ذمہ داری قومیں خود ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج ضرور ت اس امر کی غیرت ملی کو جگایا جائے اورملک کی محبت کو نئی نسل میں اجاگر کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کو شہر اقبالؒ ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مکان کی پہچان اور حیثیت ا س کے مکینوں سے ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ باحیثیت پاکستانی ہمیں ایے اقدامات کرنے چاہیئے جس سے ہمارے ملک کی عزت و تکریم میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے دن ہم سب کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ سبز ہلالی پرچم کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں دیں گے اور ملکی استحکام اور سالمیت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔قبل ازیں طالب علموں سے ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔