23/01/2026
پریس ریلیز
سرگودہا(22جنوری2026)۔
مقامی سطح پر منعقدہ ایک تقریب میں جسمانی طور پر معذور دو مستحق افراد کے اہلِ خانہ میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ اس فلاحی اقدام کا اہتمام چوہدری وارث ندیم وڑائچ ایڈووکیٹ، سی ای او کمپری ہینسو گروپ آف اسکولز اینڈ کالجز اور معروف سماجی کارکن چوہدری مدثر وڑائچ، سی ای او دنیا ایوی ایشن نے مشترکہ طور پر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ معذور اور نادار افراد کی مدد معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور ایسے اقدامات سے نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو سہولت ملتی ہے بلکہ معاشرتی ہمدردی بھی فروغ پاتی ہے۔اس موقع پر محمد نواز نامی نوجوان کو وہیل چیئر فراہم کی گئی جو مکمل جسمانی معذوری کے باعث بستر تک محدود ہے۔ محمد نواز کے والد کا انتقال ہو چکا ہے جبکہ ان کی والدہ فیکٹری میں فولڈر کٹنگ مشین کے حادثے میں دونوں ہاتھوں سے محروم ہو گئی تھیں۔ خاندان کے پاس کوئی مستقل ذریعہ معاش نہیں، جس کے باعث یہ امداد ان کیلئے خاص اہمیت رکھتی ہے۔اسی طرح اسماءمشتاق، جو یتیم ہیں اور جسمانی معذوری کے باعث خود سے چلنے پھرنے سے قاصر ہیں، کو بھی وہیل چیئر فراہم کی گئی۔ ان کے اہلِ خانہ کی معاشی حالت کمزور ہونے کے باعث یہ سہولت روزمرہ زندگی میں آسانی کا باعث بنے گی۔بتایا گیا کہ وہیل چیئرز مقامی سول سوسائٹی کے معزز اراکین کے تعاون سے خریدی گئیں۔ اس موقع پر کمپری ہینسو گروپ آف اسکولز اینڈ کالجز اور دنیا ایوی ایشن کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ محمد نواز کی مالی معاونت کیلئے ماہانہ پانچ ہزار روپے کی خصوصی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔سماجی حلقوں نے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرے میں انسان دوستی اور باہمی تعاون کے جذبے کو مضبوط کرتی ہیں۔