06/05/2026
میرے پیارے لوگوں، اگر میں نے یورپ کا رخ کیا ہے تو صرف ایک بہتر زندگی، عزت اور سکون کی تلاش میں کیا ہے۔ آج مجھے یہاں آئے دو برس سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے، اور اس دوران میں نے ایک بات بہت گہرائی سے محسوس کی ہے کہ یہاں لوگ آپ کی شکل نہیں، آپ کے ہنر کی قدر کرتے ہیں۔ یہاں انسان کے وقت کی عزت کی جاتی ہے، اس کی محنت کو سراہا جاتا ہے، اور اسے آگے بڑھنے کے مواقع دیے جاتے ہیں۔
جب میں یہاں بیٹھ کر اپنے ان دوستوں کو یاد کرتا ہوں جو بے حد ہنر مند ہیں، جن کے پاس بہترین سکلز ہیں، جو نہایت ٹیلنٹڈ ہیں، مگر صرف اس وجہ سے پیچھے رہ گئے کہ انہیں ایسا پلیٹ فارم نہیں ملا جہاں ان کی صلاحیتوں کی قدر ہوتی، جہاں وہ اپنا لوہا منوا سکتے، تو دل اداس ہو جاتا ہے۔
کبھی کبھی میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ مجھے موقع ملا، لیکن ساتھ ہی غمگین بھی ہو جاتا ہوں کہ آخر ایسے قابل لوگوں کے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ کیوں ہنر مند لوگ صرف سفارش، نظام کی کمزوری، یا غلط ماحول کی وجہ سے پیچھے رہ جاتے ہیں؟ کیوں محنت کرنے والے لوگ نظر انداز کر دیے جاتے ہیں؟
آپ کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ آپ اپنی قدر پہچانیں، اپنی ویلیو سمجھیں، اور اپنی زندگی کا فیصلہ خود کریں۔ اگر کوئی ماحول آپ کو مسلسل نیچا دکھا رہا ہے، آپ کی ترقی روک رہا ہے، یا آپ کے خوابوں کو توڑ رہا ہے، تو یاد رکھیں دنیا بہت بڑی ہے۔ آپ کسی بہتر جگہ جا سکتے ہیں، نئی شروعات کر سکتے ہیں، اور اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
میں نے بھی یہی فیصلہ کیا، اور آج مطمئن ہوں کہ میں نے اپنے لیے بہتر راستہ چنا۔ لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ میں اپنے وطن سے محبت نہیں کرتا۔ میں اپنے ملک سے بے حد محبت کرتا ہوں، آج بھی اپنے وطن کو سپورٹ کرتا ہوں، اور ہمیشہ کرتا رہوں گا۔
مسئلہ ملک نہیں ہوتا، مسئلہ وہ چند عناصر ہوتے ہیں۔
میرا پیغام صرف اتنا ہے: اپنی عزت کریں، اپنی صلاحیت پر یقین رکھیں، ہنر سیکھیں، محنت کریں، زبان سیکھیں، دنیا کو سمجھیں، اور اگر ضرورت ہو تو دنیا میں کہیں بھی جا کر اپنی پہچان بنائیں۔
دنیا بہت بڑی ہے میرے بھائی، اپنے خوابوں کو محدود مت کریں۔ نکلیں، سیکھیں، آگے بڑھیں، اور چھا جائیں۔