23/10/2025
سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر ڈیرہ ڈاکٹر محمد ہمایوں خٹک کے مختلف سرکاری اسکولوں کے دورے
ڈیرہ اسماعیل خان (تعلیمی رپورٹر)
تعلیم کے معیار اور اسکولوں کے نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کے لیے سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر ڈیرہ ڈاکٹر محمد ہمایوں خٹک نے آج مختلف سرکاری اسکولوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے میں شامل اسکولوں میں گورنمنٹ پرائمری اسکول یارک نمبر 1، 2، 3، مہرابی، معظم نمبر 1، بہادری، وانڈہ ہیبتی، گلوٹی نمبر 1، 2 اور وانڈہ شیر خان شامل تھے۔
ڈاکٹر محمد ہمایوں خٹک نے اسکولوں میں اسمبلی کے نظم و ضبط، وائٹ واش، صفائی ستھرائی، تختی اور سلیٹ کے درست استعمال، طلباء کی حاضری، اور کلاس لیول کے مطابق تعلیمی چارٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کی روزانہ حاضری کو یقینی بنائیں، اسمبلی کو تربیت و نظم و ضبط کا عملی مظہر بنائیں، اور کلاس رومز میں تعلیمی ماحول مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
ڈاکٹر ہمایوں خٹک نے بعض اسکولوں میں اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ "تعلیم محض کتابوں تک محدود نہیں، بلکہ بچوں کی شخصیت سازی اور نظم و ضبط کی تربیت کا نام ہے۔"
آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر اسی جذبے سے تمام اساتذہ کام کرتے رہے تو سب ڈویژن ڈیرہ میں تعلیمی انقلاب ناگزیر ہے۔