14/08/2026
گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خان کوہی نظام پور نوشہرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی انتہائی جوش و خروش، ملی جذبے اور حب الوطنی کے احساس کے ساتھ منایا گیا۔ اس پروقار تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، ملی نغمے، حب الوطنی سے بھرپور تقاریر پیش کیےجنہوں نے حاضرین کے دلوں میں وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبات کو مزید اجاگر کیا۔
تقریب کے دوران کالج کی پرنسپل ڈاکٹر عظمیٰ قمر نے قومی پرچم لہرایا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ وطنِ عزیز سے محبت، قربانی، دیانت داری اور خلوصِ نیت کے ساتھ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر کرنا اور اسے مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔
یومِ آزادی کی تقریبات کے اختتام پر شجرکاری مہم کا بھی اہتمام کیا گیا، جو ایک سرسبز، روشن اور پائیدار مستقبل کی علامت تھی۔ اس مہم کا مقصد وطنِ عزیز کو سرسبز و شاداب بنانا اور ماحولیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنا تھا۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر عظمیٰ قمر، اساتذہ کرام اور طالبات نے پودے لگا کر اس عزم کا اظہار کیا کہ جس طرح ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دے کر ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت سے نوازا، اسی طرح ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عملی اقدامات کے ذریعے اپنے ملک کو مزید بہتر، محفوظ اور سرسبز بنائیں۔