04/05/2023
السلام علیکم پیارے دوستو!
کافی عرصہ سے سوشل میڈیا پر "اینٹی اسلامک گروپ" دیکھ رہا ہوں جو دین اسلام کی آڑ لے کر لوگوں کو گمراہ کن عقائد سکھانے کی ناپاک کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ان لوگوں کا کام علماء، صلحاء،اکابرین،ائمہ کرام حتی کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ذات کو مشکوک کرنا، ان پر بے بنیاد الزامات لگانا اور ان کے ذخیرہ علم جو کہ کتب کی صورت میں موجود ہے اس پر سے اعتماد اٹھا کر لوگوں کو الحاد کی طرف دھکیلنا ہے اور اس ناپاک کوشش کو وہ "اتحاد بین المسلمین" کا نام دینے کی ناپاک کوشش کرتے ہیں۔ یہ لوگ اتنا ظالم ہیں کہ یہ بخآری شریف جیسی معتبر اور مستند کتاب کو (کہ جس کو قرآن حکیم کے بعد دوسرا درجہ حاصل ہے) مشکوک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔( ان کی سوچ جو کہ ان کی تحریر کی صورت میں ہوتی ہے پڑھ کر ایسا لگتا ہے کہ یہ لوگ کسی مجبوری کے تحت دین اسلام میں موجود ہیں ورنہ ان کی پسند نا پسند ،ان کی سوچ اور فکر مغرب سے ملتی ہے اور یہ لوگ اسلام میں رہ کر ایک احساس کمتری کا شکار محسوس ہوتےہوئے دکھائی دیتے ہیں۔یہ لوگ ہر اچھائی کو مغرب اور اہل مغرب سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں اور ہر برائی کو مسلمانوں کی مرہون منت قرار دیتے ہیں) اس چیز سے ہمارے سادہ لوح اور بعض لوگ جو خود کو بہت براڈ مائینڈڈ مانتے ہیں (حالانکہ ان لوگوں کو دین کے بنیادی اصولوں کا بھی نہیں پتہ اور یہ لوگ اسلام کی سنہرے ماضی سے یا تو ناواقف ہیں یا خود ہی انجان بننے کی کوشش کرتے ہیں ) متاثر ہو کر الحاد کی دلدل میں کھنچے چلے جا رہے ہیں۔یہ ایک یلغار ہے جو ہمیں ہمارے دین سے ہٹا کر اغیار کے پسندیدہ سوچ کی طرف کھینچےچلے جا رہی ہے۔
خدارا! اس بھیانک سوچ کے حامل لوگوں کے وار سے خود کو بچائیں،سوشل میڈیا پر دین تلاش کرنے کی کوشش نہ کریں کیوں کہ یہاں پر ہر سوچ اور فکر کا بندہ موجود ہے اور وہ ہر طرح سے لوگوں کو اپنا ہم خیال بنانے پر کوشاں ہیں اور مستند علماء( علماء انبیاء کرام علیہم السلام کے سچے وارث ہیں ۔یہ امت کے روحانی طبیب ہیں اور اگر طبیب اپنی ذات کے لیے احتیاط نہ کرے، یعنی بے عمل ہو، تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ لوگ اس کے نسخوں پر عمل کرنا چھوڑ دو) سے خود کو جوڑے رکھیں کیوں کہ اس طرح کے لوگوں کا ہم خیال بننے سے صرف اور صرف آپ کا ہی نقصان ہوگا اور جو رتبہ اللّٰہ نے علماء ، مشائخین اور اسلاف کو دیا ہے اس میں ایک قطرہ برابر بھی کمی نہیں آنے والی۔
تحریر: ملک شاہد اسماعیل