29/08/2025
محمد علی مرزا صاحب کی زبان نے انہیں قفس مکیں کر دیا ۔ خیر ایک دن ایسا ہونا ہی تھا ۔ جیسے کچھ لوگ لغزشوں کے پتلے نہیں، پتیلے ہوا کرتے ہیں، ویسے ہی مرزا صاحب کی زبان محض پھسلتی نہیں، چکنی مٹی پہ دھمال ڈالتی ہے۔
مرزا صاحب نباض تو کمال کے ہیں ۔انہوں نے ملازمت کے اوائل ہی میں جان لیا تھا کہ یہ قوم فلموں میں گنڈاسا تھامے سلطان راہی اور منبر پہ دشنام طراز ثمر عباس قادری کو پسند کرتی ہے۔ یہاں غلام علی اور مہدی حسن کی بجائے عیسی خیلوی کی بےتکی آواز کو بطورِ شیرینی کانوں میں انڈیلا اور حظ اٹھایا جاتا ہے۔ نسیم حجازی کی بجائے منٹو کے گیت گائے جاتے ہیں ۔ فیض و فراز اور اختر عثمان و افتخار عارف کی بجائے حافی و زریون پہ داد نچھاور کی جاتی ہے۔ چنانچہ مرزا صاحب نے کتاب بغل میں دبائی اور زبان کو گنڈاسا کرکے میدانِ پند و نصیحت میں اتر گئے۔
سب مانتے ہیں کہ فرقہ انگیزی بری شے ہے مگر چونکہ معاشرے میں سکہ ہی زہر افشانی اور تلخ نوائی کا چلتا ہے، چنانچہ رنگ برنگے مناظرین وجود پا رہے رہیں ۔ بھانت بھانت کے اللہ یاری مورچہ زن ہیں ۔ قسمہا قسم کے خضر حیات کف اڑا رہے ہیں ۔ نوع نوع کے مرزے سرگرمِ مباحثہ و مجادلہ ہیں۔ یہ فضا مزاجوں کے اس قدر موافق ہے کہ جماعت اسلامی جیسی ٹھنڈی ٹھار دنیا سے بھی ایک شعلہ فشاں وکیل صاحب اٹھے ہیں جو سوشل میڈیا پہ مناظرے مچاتے پھر رہے ہیں ۔
مرزا نامی پودا کسی سلیقے کے معاشرے میں اگتا تو قد نکالنے سے قبل ہی جڑ سے اکھاڑ دیا جاتا ۔ اس کی اکیڈمی کے آگے سے گزرتے ہوئے شرفاء ناک منہ لپیٹ لیا کرتے، مگر یہاں ایک دنیا دیوانی ہے۔ سادہ دلانِ وطنِ عزیز خوش ہیں کہ فرقوں کی دیگیں الٹ دیں ۔ حالانکہ بدگویانِ وطن میں ایک اور بدگو کا اضافہ ہوا، یہ تو سر پیٹنے کا مقام تھا۔
اس بد ذوق معاشرے کو زاہد الراشدی، مفتی منیب الرحمن، ثاقب رضا مصطفائی اور مولانا طارق جمیل جیسے شیریں سخنوں کی ضرورت ہے، مگر کوئی ادھر کو کیوں جائے گا؟ ایسے ہیروں کی تو ان کے اپنے مسالک میں بھی جگہ نہیں ہے ۔ یہاں زہر ناکیاں پسند کی جاتی ہیں ۔ جو جتنا زہر گفتار، اتنا ہی دل پسند ۔ کیوں کہ یہاں منہ توڑ جواب دینے، منجی ٹھوکنے اور چھترول کرنے کو سراہا جاتا ہے، گھاؤ پہ مرہم اور زخم پہ پھاہا رکھنے کی ستائش کا چلن نہیں ۔ ایسی فضا مرزوں کے نشو و نما پانے کے لئے سازگار ہے، چنانچہ خود رو جھاڑیوں کی طرح اگتے اور پھلتے پھولتے چلے جارہے ہیں۔
نواز کمال
26/09/2024
26/09/2024
24/05/2024
01/03/2024
07/06/2023
07/06/2023
28/05/2023