07/09/2026
خوف کی دو قسمیں۔
خوف ہماری زندگی کا ایک فطری حصہ ہے، لیکن ہر خوف ایک جیسا نہیں ہوتا۔ کچھ خوف ہمیں خطرے سے بچاتے ہیں، جبکہ کچھ خوف ہمیں آگے بڑھنے سے روکتے ہیں۔ آئیے خوف کی دو بنیادی اقسام کو سمجھتے ہیں:
1️⃣ قدرتی خوف۔
قدرتی خوف وہ ہے جو ہمیں حقیقی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے پیدا ہوتا ہے، جیسے آگ، حادثے، جنگلی جانور یا کسی خطرناک صورتحال کا خوف۔ یہ خوف ہمارے Survival System کا حصہ ہے اور ہمیں محتاط رہنے کا پیغام دیتا ہے۔عام طور پر یہ بھی کہا جاتا ہے کہ انسان پیدائشی طور پر اچانک تیز آواز اور اونچائی سے گرنے جیسے خطرات کے لیے مخصوص فطری ردِعمل رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے بہت سے خوف وقت کے ساتھ ماحول، تجربات اور تربیت سے تشکیل پاتے ہیں۔ یعنی ہر خوف پیدائشی نہیں ہوتا؛ بہت سے خوف ہمیں زندگی سکھاتی ہے۔
2️⃣ ذہنی خوف۔
ذہنی خوف اکثر ہمارے خیالات، ماضی کے تجربات، منفی تصورات اور مستقبل کے بارے میں اندیشوں سے پیدا ہوتا ہے۔ ہم بعض اوقات ایسی چیزوں سے بھی ڈرنے لگتے ہیں جو حقیقت میں ہمارے لیے خطرناک نہیں ہوتیں، مگر ہمارا ذہن انہیں بہت بڑا بنا کر پیش کرتا ہے۔ہر خوف خطرے کی علامت نہیں ہوتا؛ بعض اوقات خوف صرف ہماری سوچ کا عکس ہوتا ہے۔
یہ خوف کہاں سے آتا ہے؟
1️⃣ بچپن کی ذہنی تربیت۔
بچپن میں والدین، اساتذہ اور معاشرہ ہماری سوچ اور شخصیت پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ بار بار یہ سننا کہ “لوگ کیا کہیں گے؟” “غلطی مت کرنا!” “تم یہ نہیں کر سکتے!” انسان کے اندر ناکامی، تنقید اور مسترد کیے جانے کا خوف پیدا کر سکتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ الفاظ ہماری اندرونی آواز بن جاتے ہیں۔اس لیے اپنی منفی سوچ کو پہچانیں اور اپنے اندر نئے مثبت یقین پیدا کریں:“میں سیکھ سکتا ہوں، غلطی کر سکتا ہوں، خود کو بہتر بنا سکتا ہوں اور دوبارہ کوشش کر سکتا ہوں۔”
2️⃣ رسک نہ لینا۔
جب انسان ہر نئی چیز، چیلنج یا ناکامی کے امکان سے مسلسل بچنے لگتا ہے تو اس کا دماغ یہ سیکھ لیتا ہے کہ “Risk = Danger”۔ جتنا ہم کسی کام سے بھاگتے ہیں، اتنا ہی اس کا خوف مضبوط ہوتا جاتا ہے۔اس کے برعکس، جب ہم چھوٹے اور سوچے سمجھے Calculated Risks لیتے ہیں تو ہمیں تجربہ ہوتا ہے کہ ہر رسک نقصان کا باعث نہیں بنتا۔ بعض اوقات ناکامی ہمیں قیمتی سبق دیتی ہے، جبکہ کامیابی ہمارا اعتماد بڑھاتی ہے۔اس لیے Comfort Zone سے باہر نکلیں، چھوٹے قدم اٹھائیں اور اپنے ذہن کو سکھائیں کہ خوف کے باوجود آگے بڑھا جا سکتا ہے۔
خوف کا ختم ہونا ضروری نہیں، خوف کے باوجود قدم اٹھانا ضروری ہے۔کیونکہ کامیاب وہ نہیں جسے کبھی خوف محسوس نہ ہو؛ کامیاب وہ ہے جو خوف کو اپنی منزل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیتا۔یاد رکھیں کہ خوف کے ہوتے ہوئے قدم اٹھانے والا شخص ہی اپنی منزل تک پہنچتا ہے۔
محمد طاہر
07 ستمبر، 2026