17/06/2026
مفتیِ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل، مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیہ تقریب
مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے روحِ رواں تھے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ
علمائے کرام و مشائخِ عظام کا مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو لازوال خدمات پر خراجِ عقیدت و تحسین
لاہور: مفتیِ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل، جلیل القدر عالمِ دین، استاذ العلماء، مفسرِ قرآن اور شیخ الحدیث مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب اور درجاتِ بلندی کے لیے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں قرآن خوانی و دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے بذریعہ آڈیو لنک خصوصی دعائیہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے روحِ رواں تھے جنہوں نے 42 برس سے زائد عرصہ جامعہ اور تحریک منہاج القرآن کی خدمت میں گزارا اور ہزاروں علماء، خطباء، ائمہ اور مفتیانِ کرام کی تربیت کی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ استقامت، وفاداری، زہد، قناعت اور اخلاص کا پیکر تھے۔ طویل رفاقت کے دوران انہیں ہمیشہ عزم و استقلال کا پہاڑ پایا۔ انہوں نے کبھی حالات کا شکوہ نہیں کیا اور ہر حال میں صبر و شکر کو اپنا شعار بنائے رکھا۔ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے کہا کہ مفتی صاحب صرف علوم کے ناقل نہیں بلکہ صاحبِ فہم، صاحبِ بصیرت اور کامل عاقل عالم تھے جنہوں نے علم کا حق ادا کیا اور پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت میں صرف کی۔
اس موقع پر ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرّم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اس ادارے کی تاریخ کا ایک درخشاں باب تھے۔ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی ہر دیوار آپ کی علمی، تدریسی اور تربیتی خدمات کی گواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اپنی خوش مزاجی، شفقت، اپنائیت اور منفرد اندازِ گفتگو کی وجہ سے طلبہ اور سائلین میں بے حد مقبول تھے۔ آپ کے وصال سے پیدا ہونے والا علمی خلا آسانی سے پُر نہیں ہو سکے گا۔
پرنسپل جامعہ ہجویریہ علامہ مفتی محمد رمضان سیالوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے ابتدائی دور میں علمی و دینی ثقاہت کو منوانا ایک بڑا چیلنج تھا، جس میں مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ نے بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنی علمی بصیرت اور فقہی مہارت کے ذریعے منہاج القرآن کے علمی تشخص کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کے ساتھ وفا، اخلاص اور رفاقت کا جو عہد کیا، اس پر زندگی کے آخری لمحے تک قائم رہے۔
قبل ازیں رئیس الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی نے کلماتِ استقبالیہ میں کہا کہ ایک عالمِ دین کی وفات درحقیقت ایک جہان کے اجڑ جانے کے مترادف ہے۔ مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی پوری زندگی تدریس، افتاء اور اشاعتِ دین کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے چار دہائیوں سے زائد عرصہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن میں خدمات سرانجام دیں اور بے شمار علماء و محققین تیار کیے جو آج دنیا بھر میں دینِ اسلام کی خدمت کر رہے ہیں۔
اختتام پر صاحبزادہ علامہ ناصر قیوم ہزاروی نے اپنے والدِ گرامی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ آخری لمحات تک ان کے چہرے پر مسکراہٹ اور اطمینان نمایاں رہا۔ وہ ہمیشہ فرمایا کرتے تھے کہ انسان کے لیے جو لمحہ مقرر کر دیا گیا ہے وہ نہ آگے ہو سکتا ہے اور نہ پیچھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دور میں جب مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن تشریف لائے تو فرمایا: "میں مردوں سے اٹھ کر زندوں میں آ گیا ہوں"۔ اسی طرح اعتکاف میں ایک موقع پر شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی آمد پر فقہی نشست سے نیچے اترتے ہوئے فرمایا: "جب پانی میسر آ جائے تو تیمم کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔"
دعائیہ تقریب سے علامہ مفتی محمد غلام حسن قادری، پروفیسر ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی سمیت دیگر علماء و مشائخ نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
دعائیہ تقریب کا آغاز قاری اللہ بخش نقشبندی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ محمد نوید نقیبی اور محمد عاطف قادری نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔ صدر بزمِ منہاج فیض المصطفیٰ نے نقابت کے فرائض سرانجام دیے جبکہ اختتام پر شیخ الحدیث پروفیسر نواز ظفر چشتی نے خصوصی دعا کی۔
قرآن خوانی و دعائیہ تقریب میں صاحبزادگان، عزیز و اقارب سمیت علمائے کرام، مشائخِ عظام، مرکزی قائدینِ تحریک منہاج القرآن، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فاضلین، اساتذۂ کرام، بزمِ منہاج کے ذمہ داران، تلامذہ، متوسلین، وابستگانِ تحریک منہاج القرآن، اسٹاف ممبران، فیملی ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
17/06/2026
استاذ العلماء، مفتی عبد القیوم خان ہزارویؒ کے ایصالِ ثواب کے لیے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں قرآن خوانی و دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، مشائخِ عظام، مرکزی قائدین، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فاضلین، اساتذۂ کرام، تلامذہ، وابستگانِ تحریک منہاج القرآن، اسٹاف و فیملی ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
17/06/2026
مفتیِ اعظم مفتی عبد القیوم خان ہزاروی کی نمازِ جنازہ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی، جس کی امامت چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ نمازِ جنازہ میں ہزاروں علماء، مشائخ، طلبہ، وابستگانِ تحریک اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور مرحوم کی گراں قدر علمی، فقہی، تدریسی اور دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
16/06/2026
دعائیہ تقریب
برائے ایصالِ ثواب مفتیِ اعظم منہاج القرآن، جلیل القدر عالمِ دین، استاذ العلماء، مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ
16جون 2026ء بروز منگل دن 2:00بجے، جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور
15/06/2026
مفتئ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل مفتی عبد القیوم خان ہزارویؒ کی نماز جنازہ ادا
چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نماز جنازہ پڑھائی
مرحوم نے زندگی قرآن و سنت کی تعلیم اور افتاء کیلئے وقف کئے رکھی: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ
ہزاروں افراد کی نماز جنازہ میں شرکت، مرحوم کی علمی و فقہی خدمات کو خراج تحسین
ممتاز عالم دین، مفسر قرآن، مفتی اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل اور بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دیرینہ رفیق مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کی نماز جنازہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں رقت آمیز ماحول میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پڑھائی، نماز جنازہ میں علماء، مشائخ، دینی و سماجی راہنمائوں، منہاج القرآن کے کارکنان، عہدیداران اور وابستگان سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی میرے دیرینہ رفیق ،تحریک منہاج القرآن کے اولین دور کے ساتھی اور دین اسلام کے مخلص خادم تھے، مرحوم نے پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، افتاء، تحقیق اور تربیت اُمت کے لئے وقف کئے رکھی، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن اور دارالافتاء منہاج القرآن کے لئے ان کی علمی و تحقیقی خدمات تادم وصال جاری رہیں، مفتی عبدالقیوم خان جیسی نابغہ روزگار شخصیت کا خلاء مدتوں پُرنہیں ہو سکے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، فروغ دین اور اشاعت علم اور خدمت خلق کے لئے وقف کئے رکھی، وہ اعتدال، محبت، رواداری اور اتحاد اُمت کے داعی تھے، ان کی علمی و فقہی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی جید عالم دین، باعمل شخصیت اور تحریک منہاج القرآن کا قیمتی سرمایہ تھے ، ان کی رحلت علمی و دینی حلقوں کے لئے بڑا نقصان ہے۔
نماز جنازہ میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، پروفیسر نواز ظفر، رانا محمد فاروق، سید مشرف شاہ، ڈاکٹر میر آصف اکبر، راجہ زاہد محمود، علامہ رانا محمد ادریس، ڈاکٹر ریاض احمد قادری، صاحبزادہ مفتی بدرالزماں قادری، مفتی شبیر انجم، قاری اللہ بخش نقشبندی، مفتی غلام اصغر صدیقی سمیت جامعہ ہجویریہ، جامعہ نعیمیہ، دارالعلوم محمدیہ غوثیہ، عالمی تنظیم الاسلام، جامعہ غوثیہ رضویہ، جامعہ اسلامیہ کمال العلوم، جمعیت علمائے پاکستان، جماعت اہل سنت، سنی تحریک، اتحاد بین المسلمین سے وفود نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
دریں اثناء چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کی نماز جنازہ سے قبل اُن کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی دینی، علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
15/06/2026
مفتی اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت علمی و دینی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کی وفات پر دل انتہائی رنجیدہ اور غمگین ہے۔ وہ نہ صرف ایک جلیل القدر عالمِ دین، فقیہ، مفسر، محدّث اور صاحبِ افتاء شخصیت تھے بلکہ ایک عظیم معلم، مربی اور مخلص تحریکی راہنما بھی تھے۔
مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ نے تقریباً چار دہائیوں تک کالج آف شریعہ اور جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن میں تدریس کے فرائض نہایت اخلاص، محنت اور علمی وقار کے ساتھ سرانجام دیے۔ ان کے سینکڑوں شاگرد آج دنیا بھر میں دینِ اسلام کی خدمت، تدریس، دعوت، افتاء اور اصلاحِ معاشرہ کے میدان میں سرگرمِ عمل ہیں، جو ان کے علمی فیض اور تربیت کا روشن ثبوت ہیں۔
مرحوم کی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، تحقیق، افتاء اور امت کی فکری و روحانی رہنمائی کے لیے وقف رہی۔ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن اور دارالافتاء منہاج القرآن کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی علمی بصیرت، عاجزی، تقویٰ اور طلبہ کے ساتھ شفقت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
میں ان کے اہلِ خانہ، تلامذہ، رفقاء اور وابستگان کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مفتی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی دینی، علمی اور تحریکی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور حضور نبی اکرم ﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے۔ اللہ تعالیٰ پسماندگان اور تمام متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی
پرنسپل، کالج آف شریعہ
15/06/2026
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
نہایت رنج و غم کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ مفتیِ اعظم منہاج القرآن، جلیل القدر عالمِ دین، استاذ العلماء، مفتی عبد القیوم خان ہزاروی صاحب وصال فرما گئے ہیں۔ ان کی نمازِ جنازہ آج 15 جون بعد نمازِ مغرب 7:30 بجے پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل، مرکزی سیکرٹریٹ 365 ایم، ماڈل ٹاؤن لاہور پر پڑھائیں گے۔
مرحوم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ کے نہایت دیرینہ رفقاء میں شامل تھے اور گزشتہ چار دہائیوں سے تدریسِ قرآن، افتاء، دعوت و تربیت اور دینی خدمت کے منصبی فرائض نہایت اخلاص، وقار اور علمی بصیرت کے ساتھ سرانجام دے رہے تھے۔ ان کی رحلت علمی و دینی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی ذات ہزاروں طلبہ، علماء اور وابستگانِ دین کے لیے علم، حکمت، تقویٰ اور اعتدال کا روشن مینار تھی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی تمام دینی، علمی اور دعوتی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، درجات بلند فرمائے اور اپنے حبیبِ مکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے صدقے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ پسماندگان، اہلِ خانہ، تلامذہ، رفقاء اور جملہ متعلقین کو صبرِ جمیل، اجرِ عظیم اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔