01/10/2026
27 ستمبر بروز اتوار 2026ء*
جامعۃ العلوم الاسلامیہ سیکٹر ایف ٹو میرپور آزاد کشمیر میں گزشتہ روز ہمارے محسن و مربی، عظیم علمی و روحانی شخصیت *حضرت قاری محمد اسحاق ضیاء رحمۃ اللہ علیہ* کی یاد میں ایک پروقار تعزیتی کانفرنس منعقد کی گئی۔
حضرت قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جامعۃ العلوم الاسلامیہ میں *تقریبا چالیس سال* تدریسی خدمات سرانجام دیں۔
آپ شروع میں جامعہ میں شعبہ کے مدرس کی حیثیت سے تشریف لائے، اپنی محنت، اخلاص اور لگن سے آپ *صدر مدرس* کے منصب پر فائز ہوئے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ آخری دم تک جامعہ کی مسجد میں *امامت کے فرائض* بھی سرانجام دیتے رہے اور بعد ازاں *ناظم تعلیمات شعبہ حفظ* کی ذمہ داری بھی آپ کے سپرد کی گئی۔
آپ طلباء سے انتہائی محبت اور شفقت فرمانے والے استاد تھے۔ اہلِ محلہ آپ کی امانت و دیانت کی گواہی دیتے ہیں۔ آپ نے کبھی کسی سے گلہ شکوہ نہیں کیا اور جامعہ کے ساتھ انتہائی مخلص رہے۔
آپ کی تربیت یافتہ شاگردوں کی ایک بڑی تعداد نہ صرف پاکستان بھر میں بلکہ بیرونِ ممالک میں بھی دینِ متین کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے، جو آپ کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔
آپ انتہائی نیک سیرت، خوش اخلاق اور خوشگوار طبیعت کے مالک تھے۔ مختصر سی علالت کے بعد آپ وفات پا گئے۔ آپ کی نمازِ جنازہ آپکے آبائی گاؤں مصطفی آباد للیانی قصور میں ادا کی گئی اور وہیں آپ کو سپردِ خاک کیا گیا۔
کانفرنس کے آخر میں حضرت قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے لیے بلندیِ درجات کی دعا کی گئی اور دوران تقریب مہتمم جامعہ حضرت مولانا زید بوستان صاحب ، نام اعلٰی حضرت مولانا قاری عابد حسین بٹ صاحب ، جامعہ کے شیخ الحدیث حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب ، جامعہ کے فضلاء ، حضرت قاری صاحب رحمہ اللہ کے شاگردوں اور حضرت قاری صاحب کے دیگر محبین نے جامعہ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اللہ رب العزت حضرت کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین