26/09/2026
پنجاب کالج عیسیٰ خیل کا شاندار رزلٹ، پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے وفد کا دورہ، پرنسپل وسیم اکرم کو مبارکباد
عیسیٰ خیل : پنجاب کالج عیسیٰ خیل کی جانب سے حالیہ انٹر امتحانات میں شاندار نتائج حاصل کرنے پر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن تحصیل عیسیٰ خیل کے عہدیداران و ممبران نے پنجاب کالج عیسیٰ خیل کا دورہ کیا اور کالج کے پرنسپل وسیم اکرم، اساتذہ اور طلبہ کو بہترین تعلیمی نتائج پر مبارکباد پیش کی۔
ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت صدر مرید عباس خان نے کی، جبکہ وفد میں سرپرستِ اعلیٰ عبدالقیوم خان، سینئر نائب صدر نعیم اللّه خان، جنرل سیکرٹری کفایت اللہ خان کیفی، میڈیا سیکرٹری عقیل احمد کلیار، سیکرٹری فنانس حافظ غلام سلطان، نائب صدر کمر مشانی و پرنسپل سپئیرئیر کالج کمر مشانی علی حیدر شاہ نائب صدر ترگ یونٹ عابد خان، سینئر ممبران عمر فاروق کانجو، ڈاکٹر الطاف اور صفدر خان سمیت دیگر عہدیداران و ممبران شامل تھے۔
وفد نے پنجاب کالج پہنچ کر پرنسپل وسیم اکرم اور کالج کے اساتذہ کو شاندار رزلٹ پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے پنجاب کالج کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہترین نتائج طلبہ کی محنت، اساتذہ کی انتھک کاوشوں اور کالج انتظامیہ کی مؤثر تعلیمی منصوبہ بندی کا ثمر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے درمیان مثبت مسابقت اور باہمی تعاون سے علاقے میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر پنجاب کالج عیسیٰ خیل کے پرنسپل وسیم اکرم کی جانب سے ایسوسی ایشن کے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ ظہرانے کے دوران تحصیل عیسیٰ خیل میں تعلیمی سرگرمیوں، نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور اداروں کے مابین باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
بعد ازاں پنجاب کالج کی انتظامیہ کی جانب سے وفد کو کالج کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا گیا اور ادارے میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی و دیگر سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے وفد نے کالج کے تعلیمی ماحول اور انتظامی امور کو سراہا۔
وفد نے پنجاب کالج کے ساتھ تکمیل کے آخری مراحل میں موجود سٹیپ سکول عیسیٰ خیل کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر سٹیپ سکول کی عمارت، تعلیمی سہولیات اور مستقبل کے منصوبہ جات کے حوالے سے وفد کو بریفنگ دی گئی۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے سٹیپ سکول کے قیام کو علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
دورے کے اختتام پر پنجاب کالج عیسیٰ خیل کے پرنسپل وسیم اکرم کی جانب سے ایسوسی ایشن کے صدر، سرپرستِ اعلیٰ، عہدیداران اور ممبران کے لیے خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے۔ وفد کے شرکاء نے پرنسپل وسیم اکرم اور پنجاب کالج انتظامیہ کا پرتپاک استقبال، پرتکلف ظہرانے، کالج و سٹیپس سکول کے وزٹ اور محبت و خلوص پر مبنی تحائف پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر صدر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن مرید عباس خان سمیت دیگر عہدیداران نے کہا کہ تحصیل عیسیٰ خیل میں تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی رابطے، تعاون اور مثبت سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پنجاب کالج عیسیٰ خیل کی شاندار تعلیمی کارکردگی پر ایک بار پھر کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔
وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل عیسیٰ خیل میں تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے تمام تعلیمی ادارے باہمی تعاون سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔