10/08/2026
40 days of transformation
اور گنتی کے دنوں میں اللہ کو یاد کرو ( القران ) اور حدیث میں ہے کہ یہ گنتی کے تھوڑے سے دن منی اور عید کے دن ہیں ۔
اللہ کے پسندیدہ ایام معدودات شروع ہو چکے تھے ہم اللہ کے حکم سے منی زون 5 مکتب نمبر 139 پہنچ چکے تھے ۔ وہاں سب سے مزے کی بات یہ تھی کہ آس پاس اپنے ہی سارے لوگ تھے اور ہم روم میٹس تو بالکل ساتھ ساتھ تھے الحمد اللہ ۔۔ میرے روم میٹس تھوڑی دیر تک پہنچ چکے تھے وہ لوگ میرا سامان بھی لے آئے تھے اس کے علاوہ مجھے جو نیاز میں بڑا کھجور والا ڈبہ ملا تھا وہ بھی میں نے کہا تھا ساتھ ہی لے آنا ہمیں جو نیاز ملی اسی لے کر آگے نیاز بانٹ دیں گے 😁۔۔۔
وہاں سب بہت خوش تھے ہر ایک کے چہرے پر حج شروع ہونے کی خوشی صاف ظاہر تھی ۔ میرے ساتھ والے بیڈ پر ایک اسی سال کی خاتون تھیں وہی خاتون جو مکہ مدینہ کے ہر کھانے کی تعریفیں گا گا کر کیا کرتی تھیں ۔۔ (مکے آلا بلاندا وے تے نال گوشت وی کھواندہ اے ) مکے والا رب ہمیں نہ صرف مہمان بلاتا ہے بلکہ بلا کر طرح طرح کے کھانے بھی کھلاتا ہے ۔ وہ مجھ سے پیار کرتیں تھیں میں نے پوچھا کہ آپ پہلی بار آئ ہیں کیا ؟؟؟؟
تو بتانے لگیں کہ یہ میرا پانچواں حج ہے اور اس سال میں اپنی امی کا حج بدل کرنے آئ ہوں 😥۔۔۔ میں نے پوچھا کہ آپ کی امی کا انتقال کب ہوا تھا وہ بتانے لگیں بیالیس سال پہلے جب میں اڑتیس سال کی تھیں 😥۔۔۔ پھر میں نے پوچھا کہ مائیں بھول جاتی ہیں کیا ؟؟؟ انہوں نے کہا کبھی نہیں ۔۔۔ کبھی بھی نہیں 😭👇👇👇
اسی سال کی خاتون اپنی امی کی فوتگی کے بیالیس سال بعد ان کا حج بدل کرنے آی تھیں 😭۔۔۔ میں بہت روئ ۔۔ میں بہت بہت روئ اپنی ماں کے لئے اور میں نے اللہ سے دعا کی کہ یہ میرا فرض حج ہے میں یہ حج امی کی طرف سے تو نہیں کر سکتی لیکن میرے ہر ہر نیک عمل کا ثواب میری پیاری امی کو پہنچا دینا ۔ آمین
اور مجھے بھی ان خاتون کی طرح ہمت اور ریسورسز دینا کہ میں بھی اپنی امی کی طرف سے حج کر سکوں ۔ آمین 😥🤲۔۔۔
ان کی بہو بھی ساتھ تھیں جو اپنی ایک سولہ سترہ سال کی سپیشل بیٹی کو بھی ساتھ لائ تھیں ۔ ان کے لئے بھی حج بہت چیلنجنگ تھا ایک طرف اسی سالہ ساس اور دوسری طرف سپیشل بیٹی ۔۔ وہ اپنی پریشانی کا اظہار کرنے لگیں تو میں نے ان کو تسلی دی کہ اللہ آپ سے بہت راضی ہو گا آپ بس صبر سے کام لیتی رہیں ۔۔ میں نے محسوس کیا یہاں ہر ایک کی اپنی اپنی آزمائشیں ہیں ۔۔🥹
منی میں بس قیام کا حکم ہے ، نماز ، قران اور ڈھیر ساری دعائیں کرنی ہوتی ہیں ۔ نماز پڑھنے کے لئے ویسے الگ سے جگہ نہیں ہوتی بس اسی تھوڑی سی جگہ پر سب باری باری نماز پڑھ رہے تھے ۔ پھر دوپہر ہوئ اور سب کے لئے کھانا آ گیا ۔ میں نے نیت کی کہ اللہ کی رضا کے لیے سب کی مدد کروں گی ۔ میں نے اپنی ایک دوست کو ساتھ ملایا اور دروازے پر آیا ہوا کھانا باری باری پوری قطار کو دیا ۔۔ زیادہ تر ہماری لائن میں بوڑھی خواتین تھیں وہ بہت خوش ہوئیں کہ انہیں اپنی سیٹ پر ہی کھانا مل گیا تھا ۔ اس کے بعد سب کو ٹھنڈا پانی چاہیے تھا جس کے لئے میں اور میری سہیلی مختلف فریزرز سے ٹھنڈا پانی ڈھونڈ کر لاتے رہے اب ساتھ والی لائنوں سے بھی فرمائش آنے لگی تو ہم جھولیاں بھر کر بوتلیں لاتے اور بانٹ دیتے ۔۔ اور پھر آخر میں سب کو چائے بھی لا کر دے دی تھی 😇۔۔۔
اچھا اس وقت مجھے اس کام سے اور اس تھکاوٹ سے جتنی خوشی ملی ویسی پہلے کبھی نہیں ملی تھی 🥹
ایک آپی کہنے لگیں کہ آج ساری نیکیاں زوبیہ نے ہی کما لینی ہیں کیا 😥🤲❣️ اور ایک آنٹی نے مجھے کہا کہ تو کنی چنگی ماں دی تی ایں ( تم کتنی اچھی ماں کی بیٹی ہو ) منی میں یہ وہ ٹرانسفارمیشن کا لمحہ تھا جب مجھے محسوس ہوا کہ کس طرح ہمارے اچھے اعمال اگلی دنیا میں ہماری ماں کے لئے باعث فخر اور باعث بخشش ہوں گے اس لئے میں نے عہد کیا کہ اللہ کی مدد سے اپنی زندگی اچھے کاموں میں بسر کرنی ہے نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے ان شا اللہ 😇🤲
منی کا چیلنج نمبر ون ہوتا ہے وہاں واش روم استعمال کرنا ۔ اتنی رش اور محدود واش رومز پھر کچھ خواتین صفائ کا خیال بھی نہیں رکھتیں تو بس یہ مرحلہ خاصا صبر آزما ہوتا ہے کچھ حجاج زرا غصے میں بھی آ جاتی تھیں لیکن میں اللہ کی شکر گزار ہوں جس نے وہاں مجھے صبر دئیے رکھا اور میں وہاں سب سے عزت احترام اور محبت کے ساتھ ہی پیش آتی رہی ۔ الحمد اللہ
دوسرا چیلنج شاید موٹے لوگوں کے لئے ہوتا ہے اور وہ ہوتا ہے منی کا سمال سائز بیڈ 🤭 جسے دیکھ کر میں نے مذاقا اپنی سمارٹ فرینڈز سے کہا تھا کہ یہ تو آپ لوگوں کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں ہم موٹے لوگوں کے بیڈ کہاں ہیں 😁۔۔ ویسے وہ صوفہ کم بیڈز تھے جس کا دل چاہے بیٹھ جائے اور جو لیٹنا چاہے لیٹ جائے ۔ میں تو شاید لیٹی ہی رہتی اگر اس پر پوری آ جاتی 🤭🫣😬۔۔۔
میں اتنے میں ہی بہت خوش تھی کہ اللہ نے مجھے اس تکریم والے مقام پر پہنچا دیا ہے میں کہاں اس قابل تھی کہ منی میں قیام کرتی 😭۔۔۔ شکر الحمد اللہ ساری نمازیں ادا کیں ، اذکار کئے اور پھر میں منہ چھپا کر دعائیں مانگنا شروع ہوئ ۔۔۔ میں نے منی کے اس عظیم مقام پر اللہ تعالی سے رو رو کر بہت دعائیں کیں ہیں ۔۔ بے شک میری امی اورمرحومین کی مغفرت کی دعائیں سر فہرست رہیں ۔۔ میں واقعی میں یہ چاہتی تھی کہ اللہ اپنے ان پسندیدہ دنوں میں میرے سارے گناہوں کو معاف کر دے میں اللہ سے کہتی تھی کہ میرے سارے گناہ delete for all کر دیں 😢اور ساری ڈیوائسز سے اس طرح ڈیلیٹ کریں کہ قیامت کے روز کسی LED پر نہ دکھائے جائیں 💔😭۔۔۔ کامل کامل مغفرت اور بخشش فرما دیں 🤲اور آئندہ گناہ کرنے کی توفیق چھین لیں ۔ آمین یا رب العالمین
منی میں بہت اچھے سے رات بسر ہو گئ تھی اور سب خوش اور پر جوش تھے کینکہ اب اگلے دن ہم نے عرفات کے لئے نکلنا تھا ۔ ۔۔۔ 😇
ڈاکٹر زوبیہ نورین
سفر حج
پارٹ 15