14/08/2026
*لاہور:* گورنمنٹ فاطمہ جناح گریجویٹ کالج برائے خواتین، چونا منڈی میں *14 اگست* کے پرمسرت موقع پر یومِ آزادیِ پاکستان کی پروقار اور پرُجوش تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جشنِ آزادی کی مناسبت سے کالج کے احاطے کو خصوصی فلیکسز اور قومی پرچموں سے دلکش انداز میں سجایا گیا تھا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح *9:00 بجے* پرچم کشائی سے ہوا، جہاں کالج کی پرنسپل *پروفیسر محترمہ ثمینہ یاسمین بھٹی صاحبہ* نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
کالج اسٹوڈنٹس کونسل اور گرلز گائیڈز نے اساتذہ کرام کے ہمراہ پرچم کو سلامی دی اور باآوازِ بلند قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں وائس پرنسپل *محترمہ سمیرا عمران*، ایڈوائزری ممبران اور اسٹاف سیکرٹری *محترمہ آمنہ منٹو* نے بھی شرکت کی۔
پرچم کشائی کے بعد مین ہال میں *شعبہ سیاسیات (Department of Political Science)* کے زیرِ اہتمام ایک باقاعدہ پروگرام پیش کیا گیا، ، جس کی نظامت (کمپیئرنگ) کے فرائض صدرِ شعبہ سیاسیات ڈاکٹر نصرت نے احسن طریقے سے انجام دیے.جس کا آغاز صنوبر (بی ایس پولیٹیکل سائنس) کی تلاوتِ کلامِ پاک اور رائحہ بتول (اے ڈی پی انگلش) کی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔
پروگرام کے دوران ملی نغموں کے مقابلے میں زارا ساجد (ایف ایس سی پارٹ II)، رائحہ بتول (اے ڈی پی انگلش)، خدیجہ (بی کام) اور تبرج گل نسا نے حصہ لیا، جبکہ تقریری مقابلے میں ملائکہ سہیل (بی ایس پولیٹیکل سائنس)، حرا بلال (اے ڈی پی انگلش) اور زارا ساجد (ایف ایس سی پارٹ II) نے اپنے ولولہ انگیز خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ تحریکِ پاکستان اور جدوجہدِ آزادی پر مبنی ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل *پروفیسر محترمہ ثمینہ یاسمین بھٹی صاحبہ* نے طالبات کو آزادی کی قدر و قیمت یاد دلاتے ہوئے کہا:
> "پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جہاں ہم اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کا بلا خوف استعمال کر رہے ہیں۔ ہمارے ملک کا مستقبل نوجوانوں سے جڑا ہے، لہٰذا طالبات اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز کریں تاکہ پاکستان کو ایک عظیم اور ترقی یافتہ قوم بنایا جا سکے۔"
تقریب کے اختتام پر پرنسپل صاحبہ نے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں *کتب کے تحائف* تقسیم کیے اور تمام اساتذہ و طالبات میں *مٹھائی* تقسیم کر کے جشنِ آزادی کی خوشیاں دوبالا کیں۔