11/06/2026
کیا سر منڈوانے سے بال گرنا بند ہو جاتے ہیں؟
مختصر جواب: نہیں۔
یہ ایک بہت عام غلط فہمی ہے کہ سر منڈوانے یا بال مکمل شیو کر لینے سے بال گرنا بند ہو جاتے ہیں یا نئے بال زیادہ تعداد میں اگتے ہیں۔ حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔
جب آپ بال شیو کرتے ہیں تو بال جلد کی سطح سے کٹ جاتے ہیں۔ بال کا جو حصہ باہر نظر آتا ہے وہ نسبتاً باریک اور نوکیلا ہوتا ہے، جبکہ جڑ کے قریب والا حصہ موٹا اور گہرا رنگ رکھتا ہے۔ اسی لیے جب نئے بال نکلتے ہیں تو وہ کچھ عرصے کے لیے زیادہ موٹے، کھردرے اور گہرے محسوس ہوتے ہیں۔
لیکن یہ صرف ایک ظاہری تاثر ہے۔
بالوں کی تعداد کا انحصار سر میں موجود ہیئر فولیکلز (بالوں کی جڑوں) پر ہوتا ہے۔ شیو کرنے سے نہ تو نئے فولیکلز بنتے ہیں اور نہ ہی موجود فولیکلز کی تعداد بڑھتی ہے۔ جب جڑیں ہی زیادہ نہیں ہوئیں تو بال زیادہ کیسے ہو سکتے ہیں؟
اگر بال گرنے کی وجہ موروثی گنج پن (Male Pattern Baldness)، ہارمونز، غذائی کمی، ذہنی دباؤ یا کوئی طبی بیماری ہو تو سر منڈوانا اس مسئلے کا علاج نہیں کرتا۔
لہٰذا اگر آپ کے بال گر رہے ہیں تو سر منڈوانے کے بجائے اصل وجہ جاننے اور مناسب علاج کروانے پر توجہ دیں۔
یاد رکھیں:
سر شیو کرنے سے بال وقتی طور پر موٹے محسوس ہو سکتے ہیں، لیکن اس سے بالوں کی تعداد، جڑوں کی تعداد یا گنج پن کے عمل میں کوئی اضافہ یا کمی نہیں ہوتی
Syed Awais Gillani
03/06/2026