01/05/2024
30 اپریل 2024 کو ادارہ تالیف و ترجمہ پنجاب یونیورسٹی لاہور کے زیر انتظام ادارہ زبان و ادبیات اردو ، اورینٹل کالج کے استاد ، اردو ادب کے معروف مصنف ،محقق، تخلیق کار ،اور نقاد پروفیسر ڈاکٹر ناصر عباس نئیر کی اپنے تدریسی عہدے سے سبکدوشی کے موقع پر اعزازی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت معروف شاعر، محقق اور عالم ڈاکٹر خورشید رضوی نے کی۔ مہمان مقررین میں ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی ،ڈاکٹر اورنگزیب نیازی، ڈاکٹر نجیب جمال، ڈاکٹر اشفاق ورک، ڈاکٹر شاہ زیب خان ،ترکی سے تشریف لائے سکالر محمد حذیفہ، سابق بیورکریٹ اور مصنف رانا محبوب اختر شامل تھے اس تقریب کی نظامت کے فرائض غلام علی(طالب علم، بی ایس اردو) نے انجام دیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد بارگاہ رسالت ماب میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ تلاوت نعمان علی(طالب علم ، بی ایس اردو) اور نعت جشن عباس(طالب علم ، بی ایس اردو) نے پیش کی۔ مہمان مقررین نے ڈاکٹر ناصر عباس نئیر کی شخصیت اور ان کی تحریروں میں پائی جانے والی خوبیوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ تمام مقررین نے ڈائریکٹر ادارہ تالیف و ترجمہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر کا شکریہ ادا کیا اور اس شاندار تقریب کے انعقاد پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر اشفاق احمد ورک نے ناصر عباس نئیر صاحب کے لیے ایک خوبصورت نظم تخلیق کی۔ جس کو سن کر سامعین بہت محظوظ ہوئے۔ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے ڈاکٹر ناصر عباس نئیر سے اپنی دیرینہ رفاقت کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے لیے لکھا گیا اپنا ایک مضمون پیش کیا اور اردو زبان و ادب بالخصوص اردو تنقید پر کیے گئے ان کے کام کو بہت سراہا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں ان جذبات کا اظہار بھی کیا کہ یہ تقریب ڈاکٹر ناصر عباس نئیر جیسے شخص کی شایان شان تو نہیں ہے لیکن محدود وسائل میں ہم نے اپنی سی بھرپور کوشش کی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ناصر عباس نئیر کی سبکدوشی کو پنجاب یونیورسٹی کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ڈاکٹر ناصر عباس نئیر نے اپنی تقریر میں ڈاکٹر زاہد منیر عامر سے اپنی 35 سالہ رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اورینٹل کالج میں موجود اساتذہ میں سے جس شخص سے وہ سب سے پہلے متعارف ہوئے وہ ڈاکٹر زاہد منیر عامر تھے۔انہوں نے اپنی سبکدوشی اور اس تقریب کے حوالے سے ایک مضمون پیش کیا۔ جس میں انہوں نے نہ صرف ڈائریکٹر ادارہ تالیف و ترجمہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر کا شکریہ ادا کیا بلکہ اس تقریب میں شامل ہونے والے تمام شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا اور اپنے تمام طلبہ و طالبات کے لیے دعاؤں اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔ آخر پر ڈاکٹر خورشید رضوی نے خطبہ صدارت دیتے ہوئے ڈاکٹر ناصر عباس نئیر کی شخصیت اور ان کے فن کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے تمام مہمان مقررین کو ادارہ تالیف و ترجمہ سے شائع ہونے والی مختلف کتب کا تحفہ پیش کیا اور ادارہ تالیف و ترجمہ کی طرف سے ڈاکٹر ناصر عباس نئیر کی بیش بہا خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ بھی عطا کی۔اس تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔