12/08/2025
مغرب ہم سے بہتر ہے
بس اگر کلمہ پڑھ لے تو ؟
مغربی اثرات کے تحت ،مسلمانوں کے ذہنوں میں یہ مفروضہ ہے کہ:
"مغرب کی اجتماعی زندگی ،
اعلی انسانی اخلاق کا نمونہ ہے،
لہٰذا مغرب ہم سے بہتر مسلمان ہے ،
بس کلمہ پڑھنے کی دیر ہے۔"
یہی دعویٰ دوسرے انداز میں یوں پیش کیا جاتا ہے:
"اجتماعی زندگی میں مغرب ہم سے بہت بہتر ہے،
البتہ ذاتی معاملات (مثلاً : بد کاری، شراب نوشی وغیرہ کے استعمال ) میں کچھ خامیاں پائی جاتی ہیں۔"
یعنی اہل مغرب کی اجتماعی زندگی ، اسلامی تعلیمات کے مطابق ہے۔
اس دلیل کو درست ماننے کے نتائج یہ نکلتے ہیں کہ:
(۱) ہم مغرب کے اجتماعی زندگی کو دل و جان سے اپنانے کا اسلامی جواز پیش کرتے ہیں ۔
(۲) اہل مغرب کی انفرادی برائیوں کو سیکنڈری حیثیت دے کر ،
نئی آنے والی نسل کے لیے انہیں برداشت کرنے اور قبول کرنے کا راستہ کھولتے ہیں۔
درج بالا دعوے کی کمزوری :
عام طور پر ہر مسلمان آج یہ اندھا یقین کرتا ہے کہ ،
مغرب میں احترام انسانیت کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ،
مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ۔۔۔۔
آخر مغربی انسان کی انسانیت کہاں مر گئی ہوتی ہے ،
جب وہ اپنے سگے ماں باپ کو مصیبت و بوجھ سمجھ کر ،
اولڈ ہاوسز کے حوالے کرتا ہے ۔
احترام انسانیت ۔۔۔۔۔
بلکہ احسان انسانیت کا سب سے پہلا حق دار ۔۔۔۔۔
ماں باپ ہیں ،
تو مغرب میں یہ احترام کیوں نہیں پایا جاتا ؟
اسی طرح ۔۔۔
عام طور پر ہر مسلمان آج یہ اندھا یقین کرتا ہے کہ ،
مغرب میں قانون کی پاسداری ہے،
رات کو تین بجے بھی سگنل بند ہو تو لوگ گاڑی روک دیتے ہیں ۔
لیکن یہی مغربی انسان جو قانون کا پاسدار و دیانتدار تھا ،
جونہی اپنے ملک کی سرحدوں سے باہر قدم رکھ کر ۔۔۔۔
کمزور ملکوں کی سرحدوں میں داخل ہوتا ہے۔۔۔۔
تو کیوں کر ہر طرح کی کرپشن، ناانصافی، قتل و غارت گری کو درست سمجھتا ہے ؟
درحقیقت درج بالا تجزیہ پیش کرنے والے مفکرین ۔۔۔۔۔۔۔
مباحث اخلاقیات ۔۔۔۔۔
نیز morality اور ethics کے فرق سے ناواقف ہیں ،
اور یہ لوگ سرمایہ دارانہ ڈسپلن(capitalist disciplines) کو اخلاق کے ساتھ مکس کر دیتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ ،
مغرب کی اجتماعی زندگی اعلیٰ اخلاق کا نمونہ نہیں ہے ،
بلکہ انتہائی گھٹیا انسانی عادات پر مبنی ہے،
(یعنی حرص ، حسد، شہوت، حب جاہ، دنیا و مال)
وہاں اعلیٰ اخلاق (مثلاً : للہیت، عشق رسول، شوق عبادت، خوف آخرت ،طہارت، تقوی، عفت ،حیا، ایثار، شوق شہادت، توکل، صبر، شکر، زہد، فقر، قناعت ، عزیمت وغیرہ) پنپنے کا کوئی امکان موجود نہیں۔
ڈاکٹر زاہد مغل