20/12/2025
پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں داخلوں کی عبوری میرٹ لسٹ جاری، کم سے کم میرٹ 78 فیصد سے زائد رہنے کا امکان
لاہور، 20 دسمبر: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ہفتہ کے روز صوبے کے 33 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس پروگرام میں داخلے کی عبوری میرٹ لسٹ جاری کر دی ہے جس میں ہزاروں امیدواروں کی پوزیشن واضح ہو گئی ہے۔
ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق پنجاب بھر کے پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں داخلوں کیلئے مجموعی طور پر 7,857 امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں۔ عبوری میرٹ لسٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے جسے
https://www.uhs.edu.pk/privatemeritlist2025.php
پر دیکھا جا سکتا ہے۔
یونیورسٹی نے امیدواروں کو یہ سہولت بھی دی ہے کہ وہ عبوری میرٹ لسٹ کے حوالے سے اپنے اعتراضات 23 دسمبر تک جمع کروا سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق موصول ہونے والے تمام اعتراضات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد فائنل میرٹ لسٹ 23 دسمبر کی شام جاری کی جائے گی۔
کالجوں کی الاٹمنٹ کے عمل کے تحت پہلی سلیکشن لسٹ 24 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ اس سال پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کا کم سے کم میرٹ تقریباً 78.8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے 33 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی مجموعی طور پر 4,350 نشستیں دستیاب ہیں، جن پر داخلوں کا عمل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی نگرانی میں شفاف طریقے سے مکمل کیا جا رہا ہے۔