17/05/2026
اسلام آباد (پ ر)
ڈائریکٹر جنرل کیرئیر گروپ آف انسٹیٹیوشنز پروفیسر محمد عامر نے کہا ہے کہ اسلام آباد کیرئیر کالج کے تمام کیمپسز میں یتیم بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ سکالرشپ سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف کلسٹرز میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں یتیم بچوں کو سالانہ مفت تعلیم کے سکالرشپ سرٹیفکیٹس دیے گئے۔
پروفیسر محمد عامر نے کہا کہ اسلام آباد کیرئیر کالج میں یتیم بچوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر مفت تعلیم کا معیار مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت داخلہ ٹیسٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو ایک سال کے لیے مکمل فری تعلیم دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ جو مقررہ معیار سے کچھ کم نمبر حاصل کرتے ہیں، ان کی تعلیمی کفالت کے لیے مخیر حضرات کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ یتیم بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیرئیر کالجز کی مختلف برانچز میں سینکڑوں یتیم بچوں کو مفت تعلیم دینے کی گنجائش رکھی گئی ہے، جبکہ اس منصوبے پر سالانہ ایک کروڑ روپے سے زائد اخراجات آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یتیم بچوں کی تعلیم صرف ایک سماجی خدمت نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔
تقریبات میں مختلف کیمپسز کے پرنسپلز، اساتذہ کرام، طلبہ کی مائیں اور بڑی تعداد میں طلبہ شریک ہوئے۔ تمام پرنسپلز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کیرئیر کالج ہر مستحق اور باصلاحیت بچے تک معیاری تعلیم کی سہولت پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
شرکائے تقریب نے اسلام آباد کیرئیر کالج کی جانب سے یتیم بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثالی فلاحی و تعلیمی مشن قرار دیا۔