09/10/2024
طلباء اور اساتذہ کے لیے کونسی سکلز ضروری ہیں؟
کچھ ماہرین تعلیم کا ماننا ہے کہ پائتھن (Python programming) یا اس قبیل کی دوسری ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز (Emerging Technologies) سیکھنا ضروری ہیں، کیونکہ آج کے جدید دور میں ان مہارتوں کی طلب بڑھ رہی ہے۔ لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ صرف ٹیکنیکل مہارتیں ہی کامیابی کی ضمانت نہیں ہیں۔ خلیل جبران نے کہا ہے:
"𝑻𝒉𝒆 𝒕𝒆𝒂𝒄𝒉𝒆𝒓 𝒘𝒉𝒐 𝒊𝒔 𝒊𝒏𝒅𝒆𝒆𝒅 𝒘𝒊𝒔𝒆 𝒅𝒐𝒆𝒔 𝒏𝒐𝒕 𝒃𝒊𝒅 𝒚𝒐𝒖 𝒕𝒐 𝒆𝒏𝒕𝒆𝒓 𝒕𝒉𝒆 𝒉𝒐𝒖𝒔𝒆 𝒐𝒇 𝒉𝒊𝒔 𝒘𝒊𝒔𝒅𝒐𝒎 𝒃𝒖𝒕 𝒓𝒂𝒕𝒉𝒆𝒓 𝒍𝒆𝒂𝒅𝒔 𝒚𝒐𝒖 𝒕𝒐 𝒕𝒉𝒆 𝒕𝒉𝒓𝒆𝒔𝒉𝒐𝒍𝒅 𝒐𝒇 𝒚𝒐𝒖𝒓 𝒎𝒊𝒏𝒅"
اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک حقیقی استاد کا کام اپنے علم کا بوجھ طلباء پر ڈالنا نہیں، بلکہ ان کی سوچنے اور خود سے سیکھنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
اسی طرح، ایک چینی کہاوت ہے:
"اگر تم کسی کی مدد کرنا چاہتے ہو تو اس کو مچھلی دینے کی بہ جائے، مچھلی پکڑنا سکھا دو"
یہ کہاوت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ہر سیکھنے والے کی ضروریات اس کی قابلیت اور استعداد کے مطابق مختلف ہوتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ طلباء کو وہ ہنر سکھائے جائیں جو ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ کام آئیں۔
1. تنقیدی سوچ (Critical Thinking): آج کے دور میں ہر طالبعلم کے لیے تنقیدی سوچ اور مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت بنیادی ضرورت ہے۔ یہ مہارت طلباء کو نہ صرف اپنی تعلیم میں مدد دیتی ہے بلکہ زندگی کے مختلف مسائل کے حل کے لیے بھی ضروری ہے۔
2. ڈیجیٹل خواندگی (Digital Literacy): ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے ساتھ، ڈیجیٹل مہارتیں بھی لازم ہیں۔ AI اور کوڈنگ جیسی مہارتیں طلباء کو نہ صرف نئی دنیا کی پیچیدگیوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ انہیں مستقبل کی مارکیٹ میں بھی کامیاب بناتی ہیں۔
3. خود سیکھنے کی صلاحیت (Self-Learning Skills): جدید دور میں کامیاب ہونے کے لیے خود سیکھنے کی صلاحیت انتہائی اہم ہے۔ AI اور ٹیکنالوجی کے ذریعے اگر اساتذہ طلباء کو خود سے سیکھنے کا طریقہ سکھا سکیں، تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ اس سے طلباء اپنی زندگی کے کسی بھی مرحلے میں خود مختار طور پر اپنی ضروریات کے مطابق نئی مہارتیں سیکھ سکتے ہیں۔
4. تخلیقی صلاحیت (Creativity): تخلیقی صلاحیت بھی ضروری ہے، کیوں کہ یہ نئے خیالات اور اختراعات کو جنم دیتی ہے، جو کہ ہر میدان میں ترقی کا سبب بنتی ہیں۔
نتیجہ یہ ہے کہ اگر اساتذہ صرف ایک مضمون یا ٹیکنالوجی سکھانے کی بجائے طلباء کو خود سے سیکھنے اور اپنی ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی تربیت دیں، تو یہ سب سے زیادہ مؤثر تعلیم ہوگی۔ خود سیکھنا ہی ایک ایسی مہارت ہے جو طلباء کو زندگی بھر کے لیے خود مختار اور کامیاب بناتی ہے۔
~ شاہد اعجاز