23/06/2026
ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے قرآن کی ہر حرکت، ہر حرف اور ہر جملہ محبت الہی کا قطرہ بن کر دل کی بنجر زمین پر اتر رہا ہے اور دل سے گناہوں کی گرمی ایسے ہی نکل رہی ہے جیسے گرم زمین پر جب بارش کی ہلکی ہلکی پھوار ہو تو زمین اپنی حدت و گرمائش باہر نکالنا شروع کر دیتی ہے۔
جب دو تین جملے پڑھ لیے جائیں تو ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے زمین پر بارش ہوئے کچھ وقت گزر چکا ہو تو وہ نرم پڑ جاتی ہے، اس میں زرخیزی آجاتی ہے اور وہ کچھ بھی نفع والی چیز کاشت کرنے کے قابل ہو جاتی ہے۔ ایسے ہی دل قرآن کے چند جملوں سے پسیجنا شروع ہو جاتا ہے، اس میں حسنات کے پھل پھول اُگنے لگ جاتے ہیں اور ہر طرف مہک ہی مہک ہوتی ہے۔ حتی کہ جب اہل قرآن کے ساتھ کوئی شخص چند لمحے گزار لے تو اسے بھی بھینی بھینی خوشبو محسوس ہونا شروع ہو جاتی ہے جیسے باغ کے قریب سے گزرنے والا شخص پھولوں کی خوشبو سے محروم نہیں ہوتا۔
جب چند جملوں کا یہ حال ہے تو جن لوگوں نے ایک ایک رات میں قرآن ختم کیا، جنہوں نے ایک جملہ کی تلاوت پر پوری رات گزار دی، ان کے دل نیکیوں کےلیے کتنے زرخیز ہوں گے ؟!!! ان کے دلوں میں کتنی نرمی ہوگی، ان کے دل محبت الہی کی موسلا دھار بارش سے کتنے پسیجتے ہوں گے!!!!
اے قرآن کو اتارنے والے اللہ!
ہمارے دل کی بنجر زمین پر اپنی آیات کو محبت کے قطرے بنا کر اتار
05/06/2026