29/04/2026
ابدالی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ہنگو میں پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات و ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام
ابدالی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ہنگو میں آج ایک نہایت شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقسیمِ انعامات کے ساتھ ساتھ اورکزی یوتھ افیئرز کے زیرِ اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شامل تھا۔ اس بامقصد تقریب میں ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
پروگرام میں انگلش اور اردو تقاریر، اسٹیج ڈرامہ، ٹیبلو اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ ان مقابلوں میں ابدالی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے اکثر مقابلوں میں پہلی پوزیشنز اپنے نام کیں، جو ادارے کی تعلیمی و تربیتی معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ساجد بنگش ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر (ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن) تھے، جنہوں نے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر معروف ٹرینر، تعلیمی رہنما اور بی او جی (BOG) کے پریزیڈنٹ فراز احمد بھی موجود تھے، جو بین الاقوامی سطح پر تربیتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اپنے خطاب میں معزز مہمانوں نے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو انسان کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر شعور اور ترقی کی روشنی میں لے آتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی محنت اور ادارے کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر فراز احمد نے تمام مہمانوں، منتظمین، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے مثبت اور تعمیری پروگرامز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔
یہ تقریب نہ صرف طلبہ کے لیے ایک یادگار موقع ثابت ہوئی بلکہ تعلیمی میدان میں صحت مند مقابلے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی ایک روشن مثال بھی بنی۔