19/12/2024
💥 دلوں کے فاتح 💥
کچھ لوگ اپنی ذات میں ایک چلتا پھرتا چراغ ہوتے ہیں، جن کی روشنی ہر سو پھیلتی ہے اور دلوں کو گرما دیتی ہے۔ ان کے وجود سے ایسا سکون اور اپنائیت کا احساس ہوتا ہے جو کسی بھی دکھ یا پریشانی کو پل بھر میں بھلا دیتا ہے، ان کی مسکراہٹ، ان کی باتیں اور ان کا اندازِ زندگی سب کچھ ایک خاص دلکشی رکھتا ہے جو دیکھنے والوں کو اپنی طرف کھینچ لیتا اور دلوں کے کشور فتح کرلیتا ہے۔
ان کی شخصیت کی سب سے منفرد بات یہ ہے کہ ان کی باتوں میں نہ صرف اخلاص ہوتا ہے بلکہ محبت کا ایک ایسا چشمہ بھی جاری ہوتا ہے جو ہر دل کو سیراب کرتا ہے۔ ان کے الفاظ دل کے کسی نہاں گوشے کو چھو لیتے ہیں اور روح کو ایک نئی تازگی بخشتے ہیں۔ ان کے بولنے کا انداز ایسا ہوتا ہے کہ لگتا ہے جیسے وہ صرف اور صرف آپ کے لیے بول رہے ہوں، ایسے صاف دل احباب کے بارے معروف ہے
"إِنَّ أَصْحَابَ القُلُوبِ النَّقِيَّةِ وَالكَلِمَاتِ الطَّيِّبَةِ هُمْ مُلُوكُ المَحَبَّةِ، يَفْتَحُونَ قُلُوبَ النَّاسِ دُونَ سَيْفٍ وَلَا رُمْحٍ، بَلْ بِلُطْفِ أَخْلَاقِهِمْ وَجَمَالِ أَفْعَالِهِمْ."
"بے شک صاف دل اور خوبصورت باتیں کرنے والے لوگ محبت کے بادشاہ ہوتے ہیں، جو لوگوں کے دلوں کو بغیر کسی تلوار اور نیزے کے فقط اپنے اخلاق کی نرمی اور اعمال کی خوبصورتی کے ذریعے فتح کر لیتے ہیں"
یہ لوگ زندگی کے حقیقی رہنما اور محبت کے سفیر ہوتے ہیں، جو دنیا کو اپنی خوبصورت شخصیت کے ذریعے بہتر بنانے میں مصروف رہتے ہیں۔ ان کی یاد ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتی ہے اور ان کی باتیں زندگی کے لیے مشعلِ راہ بن جاتی ہیں۔
محفل میں بیٹھے ہیں، نظر جھکائے ہوئے
لب خاموش ہیں، دل میں ہیں قصے دبائے ہوئے
رُخ پہ ہے سکون اور نظر میں ہے نور
محبت کا پیغام ہے، سب کو سنائے ہوئے
اے کاش ہم بھی ایسے سادہ اور صاف گو احباب کے محبت بھرے دیس کے باسی بن سکیں.
#دارالتحقیق #زینیات
مفتی محمد زین العابدین شاہ
15 جُمادی الاخری 1446
18 دسمبر 2024