12/02/2026
زیرِ تعمیر جامع مسجد عیسیٰ، محلہ بابو گلاب گوجرخان میں ان شاء اللہ اس سال بھی ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں حسبِ سابق نمازِ تراویح کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے گا، اور قرآنِ کریم کی روح پرور تلاوت سے فضائیں معطر کی جائیں گی۔
گزشتہ برس اہلِ محلہ نے سخت سردی اور بے سقفی کے باوجود عزم و استقامت کی ایسی مثال قائم کی کہ کھلے آسمان تلے، یخ بستہ ہواؤں میں بھی تراویح کا سلسلہ منقطع نہ ہونے دیا۔ وہ مناظر آج بھی دلوں کو گرما دیتے ہیں کہ جب سجدوں کی حرارت نے موسم کی شدت کو مات دے دی تھی۔
اس سال سردی کی شدت گزشتہ سال سے بڑھ جانے کا اندیشہ ہے۔ مسجد کی چھت کی تکمیل کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں، سعی و جہد میں کوئی کسر نہ چھوڑی گئی، مگر تقریباً اسی لاکھ روپے کی لاگت کے باعث تاحال چھت ڈالنا ممکن نہ ہو سکا۔
چنانچہ اس رمضان بھی عارضی خیمہ لگا کر عبادت کا یہ نورانی سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ہمیں یقینِ کامل ہے کہ جس ربّ نے گزشتہ سال اپنے کرم سے ہمیں سجدوں کی توفیق عطا فرمائی، وہی اس سال بھی اپنی رحمتوں کے دروازے کھول دے گا اور جلد اس گھر کو مکمل چھت کی نعمت سے سرفراز فرمائے گا۔
اہلِ خیر، مخیر حضرات اور تمام دوستوں سے نہایت دردمندانہ گزارش ہے کہ اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔ یہ صرف اینٹ اور سیمنٹ کا معاملہ نہیں، یہ صدقۂ جاریہ کا دروازہ ہے؛ یہ وہ سرمایہ ہے جو قبر کی تنہائی میں روشنی بنے گا اور میزان میں وزنی ثابت ہوگا۔
اپنی خصوصی دعاؤں میں اس مسجد کی تکمیل کو یاد رکھیں، اور اگر ممکن ہو تو مالی تعاون کے ذریعے اس خواب کو حقیقت بنانے میں شریک ہوں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے گھر کی خدمت کی سعادت نصیب فرمائے اور اسے جلد از جلد مکمل صورت میں آباد دیکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
حافظ محمداقبال جامع مسجد عیسی محلہ بابو گلاب گوجرخان 03005166885