22/09/2026
والدین کے نام اہم پیغام!!
محترم والدین!
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔۔۔
آپ کے بچوں کی کامیاب تعلیمی اور اخلاقی تربیت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایک طالب علم کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کا باہمی تعاون بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
لہٰذا تمام والدین سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ اپنے بچوں کی 100% حاضری کو یقینی بنائیں۔ غیر ضروری کاموں یا معمولی مصروفیات کی وجہ سے بچوں کو سکول سے غیر حاضر نہ کریں۔ یاد رکھیں کہ ایک دن کی غیر حاضری صرف ایک دن کا نقصان نہیں، بلکہ طالب علم اگلے دن کے سبق اور تعلیمی سرگرمیوں میں پیچھے رہ سکتا ہے۔ اس طرح ہمارے بچوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے اور ان کی تعلیمی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔
والدین سے یہ بھی گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کے اساتذہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، ان کی تعلیمی سرگرمیوں اور روزمرہ معمولات پر نظر رکھیں اور گھر میں بھی ان کے لیے سازگار تعلیمی ماحول فراہم کریں۔
خصوصاً والدین اپنے بچوں کو موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے دور رکھیں اور ان کی صحبت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ بچوں کو ایسی صحبت اور ماحول سے بچائیں جو ان کی تعلیم، اخلاق اور مستقبل پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
ہمیں یقین ہے کہ اگر والدین اور اساتذہ مل کر اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں تو ان شاء اللہ یہی بچے مستقبل میں ذمہ دار، باکردار، محنتی اور بہترین شہری بن کر اپنے خاندان، سکول اور معاشرے کا نام روشن کریں گے۔
آئیے!
ہم سب مل کر اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے آج ہی اپنا کردار ادا کریں۔
منجانب:
پرنسپل
محمد علی سید
Muhammad Ali Syed
گورنمنٹ ہائی سکول چنارکوٹ