07/08/2026
فاٹا یونیورسٹی اور مبارک ڈائیگناسٹک لیبارٹری اینڈ ریسرچ سینٹر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط۔
فاٹا یونیورسٹی اور مبارک ڈائیگناسٹک لیبارٹری اینڈ ریسرچ سینٹر، پشاور کے درمیان طلبہ کو معیاری عملی تربیت، پیشہ ورانہ مہارتوں اور جدید طبی تشخیصی علوم سے آراستہ کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر فاٹا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز اور مبارک ڈائیگناسٹک لیبارٹری اینڈ ریسرچ سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حکیم زادہ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام اور نمائندگان بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت فاٹا یونیورسٹی کے طلبہ کو مبارک ڈائیگناسٹک لیبارٹری اینڈ ریسرچ سینٹر میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جہاں وہ تجربہ کار ماہرین کی نگرانی میں جدید تشخیصی ٹیکنالوجی، لیبارٹری طریقہ کار اور طبی خدمات کے مختلف شعبوں میں عملی تربیت حاصل کریں گے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر فاٹا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کہا کہ یونیورسٹی طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عملی مہارتیں فراہم کرنے کے لیے صحت اور صنعت کے ممتاز اداروں کے ساتھ مؤثر روابط کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے طلبہ کو اپنی علمی استعداد کو عملی تجربے میں تبدیل کرنے کا بہترین موقع میسر آئے گا، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور وہ صحت کے شعبے کی ضروریات کے مطابق مؤثر خدمات انجام دینے کے قابل ہوں گے۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ فاٹا یونیورسٹی میں حال ہی میں شروع کیے گئے الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے مختلف تعلیمی پروگرامز کے طلبہ کے لیے معیاری عملی تربیت اور کلینیکل ایکسپوژر بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے بھی یونیورسٹی صحت کے شعبے کے ممتاز اداروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو دورانِ تعلیم ہی جدید طبی مراکز میں عملی تجربہ حاصل ہو اور وہ قومی و بین الاقوامی معیار کے مطابق صحت کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دینے کے قابل بن سکیں۔
اس موقع پر مبارک ڈائیگناسٹک لیبارٹری اینڈ ریسرچ سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حکیم زادہ نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور طبی شعبے کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مبارک ڈائیگناسٹک لیبارٹری اینڈ ریسرچ سینٹر فاٹا یونیورسٹی کے طلبہ کو جدید طبی تشخیصی سہولیات، لیبارٹری کے عملی نظام اور پیشہ ورانہ ماحول سے روشناس کرانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ وہ عملی میدان میں اعتماد، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اپنا کردار ادا کر سکیں۔