04/09/2026
تازہ ترین
چترال میں آج کل پولو کے میچز جاری ہیں جس میں چترال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد حصہ لے رہے ہیں۔ وادی لوٹ کوہ سے تعلق رکھنے والے چند کھلاڑی بھی پولو کے ان کھیلوں کا حصہ ہیں جس سے ہمیں بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کھیل چترال کے کسی مخصوص علاقے یا کسی مخصوص طبقے کا کھیل نہیں بلکہ اس میں چترال سے تعلق رکھنے والے تمام افراد شامل ہیں۔
ان کھیلوں کے دوران کل انتہائی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ چونکہ فری اسٹائل پولو میں کھلاڑی اکثر و بیشتر ایک دوسرےسے الجھ جاتے ہیں جس میں ٹیموں کی سطح پر ایک دوسرے سے گتم گتھا ہونے کے کئی واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ مگر کل کھلاڑیوں کے ایک بہت ہی معمولی تنازعے پر گراؤنڈ میں موجود رشتہ داروں نے بھی بھر پور حصہ لیا اور وادی لوٹ کوہ سے تعلق رکھنے والے واحد کھلاڑی کو بہت ہی بے دردی سے مارا۔بلکہ کئی افراد مل کر ایک کھلاڑی کو قابو کرکے اور باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ مارا۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے ،کم ہے۔
ہم گزشتہ 24 گھنٹے سےضلعی انتظامیہ اور پولو ایسوسی ایشن کی جانب سے تماشائیوں اور رشتہ داروں کی طرف سے قانون اپنے ہاتھ میں لینے کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی رویے پر قانونی کارروائی کے انتظار میں تھے۔ وادی لوٹ کوہ والوں کو امید تھی کہ ایک غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کے لئے ضلعی انتظامیہ علاقائی احتجاج کا انتظار نہیں کرے گا۔ مگر صد افسوس! ایسا ہو نہیں سکا۔ ایک انسان کی جان، عزت و آبرو کو نہ تو ضلعی انتظامیہ نے کوئی اہمیت دی اور نہ ہی پولو ایسوسی ایشن والوں نے۔
ہم ضلعی انتظامیہ سے کچھ زیادہ ڈیمانڈ نہیں کررہے ہیں۔ بس صرف اتنی کہ تمام معاملے کی شفاف انکوائری کرائی جائے اور وڈیو میں ایک کھلاڑی پر تشدد کرنے والے غیر متعلقہ افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔اگلے چند دنوں کے اندر قانون اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونے کی صورت میں عوام لوٹ کوہ اپنے لائحہ عمل سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں گے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری قانون اپنے ہاتھ میں لینے والے افراد اور ان کی حمایت کرنے والے ذمہ داروں پر عائد ہوگی۔
شکریہ
Deputy Commissioner Lower Chitral
District Lower Chitral Police
Chitral Press Club Chitral
Chitral News Chitral Today (chitraltoday.net) Chitraltimes Chitral Express