06/03/2026
لاہور: پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں *155 نواز شریف سکولز آف ایمیننس* کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے کی ایک اہم تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر اسکول ایجوکیشن پنجاب رانا سکندر حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن *شاہد فرید* نے نواز شریف سکولز آف ایمیننس کے منصوبے کے اغراض و مقاصد اور اس کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
تقریب کے دوران نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں، تعلیم سے دلچسپی رکھنے والے افراد، این جی اوز، ایڈٹیک فرمز اور ایجوکیشنل چینز کے سربراہان کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے ان سکولوں کے منتظمین کو 45 دن کا وقت دیا جائے گا جس کے دوران سکولوں کا انفراسٹرکچر جدید طرز پر قائم کیا جائے گا۔ پیف کے مقررہ معیار اور شرائط کے مطابق سکولوں کا معائنہ کیا جائے گا، جس کے بعد سکولوں میں طلبہ و طالبات کے داخلوں کی اجازت دی جائے گی۔
ان سکولوں میں طلبہ و طالبات کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی جبکہ بچوں کی فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت سکولوں میں جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں سائنس لیبارٹریاں، کمپیوٹر لیبارٹریاں، روبوٹکس لیبارٹریاں، اسٹیم لیبارٹریاں اور ای سی سی کلاس رومز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ تمام کلاس رومز میں معیاری فرنیچر، صاف ستھرے واش رومز اور طلبہ کے لیے کشادہ کھیل کے میدان بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ بچوں کو ایک محفوظ، صحت مند اور سازگار تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
ان معاہدوں کا مقصد پنجاب کے مختلف اضلاع میں جدید اور معیاری سرکاری تعلیمی اداروں کا قیام یقینی بنانا ہے تاکہ طلبہ و طالبات کو عالمی معیار کے مطابق تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ( Rana Sikandar Hayat) رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب معیاری تعلیم کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور *وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن* کے تحت نواز شریف سکولز آف ایمیننس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے سرکاری سکولوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے درمیان موجود معیار کے فرق کو کم کیا جا سکے۔
چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ( Punjab Education Foundation (PEF)) ملک شعیب اعوان نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم کیے جانے والے یہ سکول جدید طرز کے *اسٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی ادارے* ہوں گے جہاں طلبہ و طالبات کو بہترین تعلیمی اور ہم نصابی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ نواز شریف سکولز آف ایمیننس کے قیام سے نہ صرف سرکاری تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا بلکہ ایسے علاقوں کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے جہاں پہلے جدید تعلیمی سہولیات محدود تھیں۔ یہ منصوبہ صوبہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
19/02/2026
18/02/2026
18/02/2026
15/02/2026
12/02/2026