27/07/2025
گلگت-بلتستان کی سابق صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما محترمہ ثوبیہ جے مقدم نے تحصیل گوہرآباد، دیامر میں حالیہ شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے تباہ کن نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری گلگت-بلتستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا عمل شروع کروائیں تاکہ متاثرہ عوام کو اذیت ناک صورتحال سے نکالا جا سکے۔
محترمہ ثوبیہ جے مقدم نے کہا کہ رایئکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا مرکزی چینل سیلاب کی زد میں آ کر بری طرح تباہ ہو چکا ہے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں دَڑن، گونرفارم، بونر داس، گیئس بالا و پائین شامل ہیں، جو شدید گرمی کی لہر کے باعث پہلے ہی پریشان حال ہیں۔ چینل کی فوری مرمت اور بحالی اشد ضروری ہے۔
رایئکوٹ-فیری میڈوز-تتو روڈ مکمل طور پر سیلاب کی نذر ہو چکی ہے۔ یہ علاقہ سیاحتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اور سیاحت کے عروج کے موسم میں سڑک کی بندش نے نہ صرف روزگار اور مقامی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد کو بھی متاثر کیا ہے۔ سڑک کی فوری مرمت اور کھولاؤ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
رایئکوٹ-مٹھاٹ ویلی روڈ اور چار اہم پلوں کی مکمل تباہی کے باعث مقامی آبادی دیگر علاقوں سے کٹ چکی ہے۔ لوگ خوراک، ادویات، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں۔ لہٰذا متبادل راستوں کی تعمیر اور ایمرجنسی بنیادوں پر سڑک و پلوں کی بحالی ناگزیر ہے۔ گونر فارم کا سربند اور واٹر چینل کی بحالی اشد ضروری ہے۔
محترمہ ثوبیہ جے مقدم نے مزید زور دیا کہ سیلاب سے متاثرہ گھروں، فصلوں، مویشیوں اور نجی املاک کے نقصانات کے ازالے کیلئے حکومت فوری طور پر سروے ٹیمیں روانہ کریں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو راشن، خیمے، طبی سہولیات اور مالی امداد فراہم کی جا سکے۔ یہ اقدامات ریاست پر عوامی اعتماد کی بحالی کے لئے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے چیف سیکریٹری گلگت-بلتستان سے مطالبہ کیا کہ تحصیل گوہرآباد کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا جائے اور فوری طور پر بحالی کے لئے فنڈز، مشینری اور متعلقہ محکموں کو متحرک کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور علاقے کی بحالی میں تاخیر نہ ہو