13/08/2021
چودہ اگست🇵🇰
یومِ تشکر،
یومِ احتساب،
یومِ تجدید عہد.
ملا نہیں وطنِ پاک ہم کو تحفے میں
جو لاکھوں دیپ بجھے ہیں تو یہ چراغ جلا
...! مسلمانان ِ برصغیر کی تاریخ ِ حُریت کا ایک اہم سنگِ میل....!
14اگست1947ءکو ایک محکوم قوم نے ”انگریز سامراج“ اور ”ہندو رام راج“ سے چھٹکارا حاصل کیا۔ یہ چھٹکارا یونہی نہیں حاصل ہو گیا، یہ نجات بِلا وجہ نہیں مل گئی۔ اس آزادی کے حصول کے لئے پوری قوم نے یک دل، یکجان ہو کر طویل جدوجہد کی اور ایک عظیم قائد حضرت محمد علی جناح ؒ کی بے مثال قیادت میں ایک نئی اسلامی مملکت کا قیام ممکن بنا دیا۔! 14 اگست صرف ایک دن نہیں بلکہ ایک خاص تہوار ہے جس دن پاکستان معرض وجود میں آیا ۔
۔اپنے پچھلے گزرے سال کا تخمینہ لگانے، جائزہ لینے، تجزیہ کرنے کے بعد باری آتی ہے، آئندہ سال کے لئے نئی کمٹمنٹ اور عہد کرنے کی۔جس طرح ہم اپنی سالگرہ پر پورے خلوص اور جذبے کے ساتھ کچھ عہد کرتے ہیں۔ اپنااگلا سال بہتر انداز سے گزارنے، اچھی پلاننگ کرنے ،مزید محنت کرنے اورجان لڑانے کا عہد کرتے ہیں۔وہی جذبہ بطور شہری ہمیں اپنے ملک اور اپنی قوم کے لئے بھی اپنانا چاہئیے۔ یہ یوم آزادی کی ڈیمانڈ ہے۔اس کا تقاضا ہے۔
جہاں تک بحرانوں کا تعلق ہے، یہ یاد رکھا جائے کہ دنیا کی کوئی قوم ان سے دور نہیں رہ سکی، ہر ایک کو کسی نہ کسی سطح پر اس سے واسطہ پڑا۔ ان میں سے زندہ اور بیدار قوموں نے باوقار رویے کا مظاہرہ کیا۔ پوری یکسوئی اورجذبے کے ساتھ کام کیااور آخرکار ان پر چھائے بادل چھٹ گئے۔ ہمیں بھی یہی کرنا ہوگا۔لیڈر اورحکمران غلطیاں کرتے ہیں، مگر قوموں کی تقدیر ان کے اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ اگر وہ بیدار اور چوکس ہوں توا نہیں اوپر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، تاریخ مرتب کرنے سے کوئی نہیں ہٹا سکتا۔ یوم آزادی ہم سب کو یہی سبق دے رہا ہے۔
تخلیقِ پاکستان کے 74سال کی تکمیل پر آئندہ اصلاحِ احوال اور تعمیر کے عزم کی تجدید کو قوم کے سامنے پیش کرتے ہوئے پوری قوم سے یہ عرض ہے کہ:
14 اگست 2021ء ہمارا یومِ تشکر ہے کہ اس روز اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزادی کے ساتھ یہ موقع عطا فرمایا کہ ہم اُس کے بتائے ہوئے اُصولوں کے مطابق اجتماعی اور شہری زندگی کی تشکیل و تعمیر کریں.