28/08/2026
اہلیان نملی میرا کے نام اہم پیغام
السلام علیکم!
حالیہ واقع کے بعد بعض والدین کی جانب سے سکول میں سی سی ٹی وی کیمروں اور طلبہ کی سکیورٹی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ سکول انتظامیہ والدین کی اس تشویش کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور واضح کرنا چاہتی ہے کہ طلبہ کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
طلبہ کی نقل و حرکت اور روزمرہ سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے سکول میں اساتذہ کی باقاعدہ ڈیوٹیاں مقرر کی جاتی ہیں تاکہ سکول کے اوقات میں بچوں کی مناسب نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب
سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ سکول انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی کیا جا چکا تھا۔ گزشتہ سال سکول دو مختلف عمارتوں میں قائم تھا، جبکہ موجودہ سال اپنی عمارت بھی زیرِ تعمیر ہے۔ اسی وجہ سے سی سی ٹی وی سمیت مستقل سکیورٹی انتظامات عمارت کی تکمیل کے ساتھ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاہم، حالیہ صورتحال اور والدین کی تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے سی سی ٹی وی کی تنصیب مزید مؤخر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان شاء اللہ، آئندہ چند دنوں میں کیمروں کی تنصیب مکمل کر دی جائے گی اور والدین کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ طلبہ کے والدین، گاؤں کے بزرگ و ذمہ داران، سکول کے سابق اساتذہ اور سابق طلبہ کی جانب سے متعدد فون کالز موصول ہوئی ہیں، جن میں اس عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ انتظامیہ ان کے اعتماد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
سی سی ٹی وی کا کام مکمل ہونے کے بعد گاؤں کے تمام متعلقہ افراد، بزرگوں، ذمہ داران، والدین، سابق اساتذہ اور سابق طلبہ کو سکول میں مدعو کر کے مکمل سکیورٹی نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
اس موقع پر آپ سب کی قیمتی تجاویز اور مشاورت بھی حاصل کی جائے گی۔ اگر سکیورٹی نظام میں مزید بہتری کی ضرورت محسوس ہوئی تو باہمی مشاورت سے اسے مزید مؤثر اور بہتر بنایا جائے گا۔
ہم یقین دلاتے ہیں کہ سکول انتظامیہ طلبہ کی حفاظت، نظم و ضبط اور محفوظ تعلیمی ماحول کے لیے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے گی۔
آپ کے اعتماد، تعاون اور قیمتی تجاویز کا شکریہ۔
انتظامیہ
ماڈل پبلک سکول
نملی میرا، ایبٹ آباد