26/10/2022
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ - صلى الله عليه وسلم - فِي الْبَحْرِ: ((هُوَ الطَّهُورُ مَاؤُهُ الْحِلُّ مَيْتَتُهُ)
*ترجمہ:* حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سمندر کے (پانی کے) متعلق (ایک شخص کے استفسار کے جواب میں) فرمایا: ’’اس کا پانی پاک کرنے والا ہے اور اس کا مردار حلال ہے۔‘‘
*راوی حدیث حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں:* آپ وہ جلیل القدر صحابی ٔ رسول ہیں جن سے سب سے زیادہ احادیث نبویہ ہم تک پہنچی ہیں۔ صاحب ’’الاستیعاب‘‘ کی رائے کے مطابق ان کا نام عبداللہ یا عبدالرحمن تھا۔ قبیلہ ٔدوس سے تھے۔ خیبر والے سال ۶ ہجری میں مشرف بہ اسلام ہوئے اور ہر وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہے۔ ۷۸ سال کی عمر پائی اور ۵۹ ہجری میں اس دنیائے فانی سے کوچ کیا اور مدینہ منورہ کے بقیع الغرقد (جنت البقیع) نامی قبرستان میں دفن کیے گئے۔ حضرتعمر رضی اللہ عنہ کے زمانۂ خلافت میں مفتی کے فرائض انجام دیتے رہے اور مروان کی جانب سے مدینے کے گورنر بھی رہے۔ ان سے کم و بیش (۵۳۸۴) احادیث مروی ہیں اور ان سے احادیث بیان کرنے والوں کی تعداد (۸۰۰) سے زائد ہے۔