20/08/2026
تقریبِ یومِ آزادی — رپورٹ 2026ء
اللہ کے فضل و کرم سے اعلان کے مطابق بروز سنیچر، 15 اگست 2026ء کو یومِ آزادی کا جشن انتہائی خوشی و مسرت کے ساتھ منایا گیا۔ پروگرام کا آغاز کچھ تاخیر سے، تقریباً پانچ بجے شام کو تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
پروگرام شروع ہونے کے تقریباً 15 منٹ بعد اللہ تعالیٰ کی رحمت سے وقفہ وقفہ سے بارش کا نزول شروع ہوگیا، جس کی وجہ سے پروگرام میں کچھ خلل واقع ہوا اور پروگرام کو چھت سے نیچے منتقل کرنا پڑا۔ اس دوران تقریباً آدھا گھنٹہ ضائع ہوگیا اور پروگرام بھی حسبِ خواہش مکمل نہ ہوسکا، کیونکہ نیچے اتنا بڑا ہال موجود نہیں تھا کہ تمام لوگ ایک ساتھ بیٹھ سکیں۔ بارش کی وجہ سے کئی معزز مہمان بھی تشریف نہ لاسکے۔
خیر، پروگرام دوبارہ نیچے شروع ہوا اور اصلاح اسلامک اسکول میں زیرِ تعلیم بچوں اور بچیوں نے اردو، انگریزی اور ہندی میں تقاریر نیز دیگر پروگرام پیش کیں۔ اس کے بعد کئی معزز مہمانانِ گرامی نے اپنے قیمتی تاثرات کا اظہار کیا۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد اکرم سنابلی نے انجام دیے۔
آخر میں بانی و سکریٹری سوسائٹی و ڈائریکٹر اسکول ڈاکٹر عبد المنان محمد شفیق مکی نے مختصر خطاب کیا، جس میں انہوں نے معزز مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور فرقہ پرست طاقتوں کی طرف سے مسلمانوں پر عائد کیے جانے والے بعض الزامات کا جواب دیا۔ وقت کی قلت کے باعث خطاب انتہائی مختصر رہا۔
الحمدللہ! پروگرام کافی کامیاب رہا۔ مردوں، خواتین، بچوں اور بچیوں کی ایک اچھی تعداد نے شرکت کی۔ بچوں اور بچیوں کو ان کی اچھی کارکردگی پر محترم شہباز علی خاں حفظہ اللہ، پروفیسر شعبۂ ہندی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طرف سے ایک ہزار روپے بطورِ انعام دیے گئے۔ اس مناسبت سے حاضرین میں مٹھائی اور مشروبات بھی تقسیم کیے گئے۔
قابلِ ذکر مہمانان
حاضرین میں خاص طور پر محترم شہباز علی خاں، پروفیسر شعبۂ ہندی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی؛ محترم ڈاکٹر حماد عبد الغفار علیگ، اجمل خان طبیہ کالج؛ محترمہ سیدہ خاتون، سابق پارشد، بھمولا، علی گڑھ؛ مولانا مبرور اشرف تیمی، مولانا عبد الرقیب؛ مولانا رضا اللہ گورکھپوری طلباء علی گڑھ مسلم یونیورسٹی؛ وغیرہم قابلِ ذکر ہیں۔
اس پروگرام میں حصہ لینے والے تمام حاضرین، طلبہ و طالبات اور معزز مہمانوں کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا جاتا ہے، اور خصوصاً اسکول کے اساتذہ کا شکریہ جنہوں نے اس پروگرام کے لیے بچوں اور بچیوں کو خصوصی مشق اور تیاری کروائی۔
بلاشبہ ہم سب کی طرف سے خصوصی شکریے کے سب سے زیادہ مستحق مولانا محمد اکرم سنابلی، طالبِ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہیں، جن کی دعوت پر مہمانانِ گرامی نے پروگرام میں شرکت کی اور جن کی خصوصی کوششوں سے یہ پروگرام کافی کامیاب رہا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آزادی کی اس انمول نعمت کو ہمیشہ وطنِ عزیز پر برقرار رکھے اور ہم سب کو اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔
تقریب یوم آزادی 15/اگست 2026ع کے کچھ مناظر